حکومت نے پٹرولیم کی قیمتیں مزید کم نہ کیں تو تحریک انصاف بھرپور احتجاج کرے گی ،زاہد حسین کاظمی

اتوار 31 جنوری 2016 17:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنمازاہد حسین کاظمی نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں25 ڈالر فی بیرل کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں مگر حکومت اب بھی عوام کو انتہائی مہنگے نرخوں پر پٹرولیم مصنوعات فروخت کرکے غریبوں پر مہنگائی کے پہاڑ گِرا رہی ہے ․․انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر پٹرولیم کی قیمتیں کم نہ کیں تو تحریک انصاف بھرپور احتجاج کرے گی یہ باتیں انہوں نے شمالی پنجاب کے دفتر میں افتتاحی میٹینگ میں خطاب کے دوران کہیں ․․زاہد حسین کاظمی نے کہا کہ ملک میں گیس اور بجلی کا بد ترین بحران ہے ‘ بے روزگاری عروج پر ہے ‘چوریاں ڈاکے سرِعام اور دن دیہاڑے ہو رہے ہیں ‘ تھانوں میں تعیناتیاں رشوت لے کر کی جاتی ہیں مگر دوسری طرف حکومت سب اچھا کا راگ آلاپ رہی ہے ․․تحریک انصاف کے مرکزی راہنما نے کہا کہ اب تو وزیرِ داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے بھی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے موقف کی تائید کردی ہے کہ حکومت اور پیپلز پارٹی کا آپس میں مُک مُکا ہوا ہے ․․زاہد حسین کاظمی نے کہا کہ وزیرِ داخلہ کے بیان کے بعد اس حکومت کا مزید اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رہتا ․․انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آکر ملک لُوٹنے والوں کوانصاف کے کٹہرے میں لاکر لُوٹی ہوئی دولت وصول کرکے عوام کی فلاح وبہبود پر صرف کرے گی

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں