گن اینڈ کنٹری کلب کے ایڈمنسٹریٹر دانیال عزیز اور سیکرٹری اطہر روؤف بھٹی کی تقرری اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج

دانیال عزیز کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے صدر مملکت سے منظوری نہیں لی گئی ، در خواست گزار

اتوار 31 جنوری 2016 17:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 جنوری۔2016ء) اسلام آباد میں واقع گن اینڈ کنٹری کلب کے ایڈمنسٹریٹر دانیال عزیز اور سیکرٹری اطہر روؤف بھٹی کی تقرری کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ۔ شہری عالیہ آغا نے آئینی درخواست میں سیکرٹری کیڈ ، ایڈمنسٹریٹر دانیال عزیز ، سیکرٹری اطہر روؤف بھٹی ، گن اینڈ کلب انتظامیہ اور سیکرٹری برائے صدر مملکت کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دانیال عزیز کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے صدر مملکت سے منظوری نہیں لی گئی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی سمری ارسال کی گئی جبکہ صدر مملکت پیٹرن ہونے کے ناطے اس طرح کی تقرری کی اجازت دینے کے مجاز ہیں جبکہ سیکرٹری کی تقرری کے لئے اخبارات میں جو اشتہار دیا گیا تھا اس میں تعلیمی قابلیت ایم بی اے لکھی گئی تھی مگر مذکورہ سیکرٹری کو بی اے کی ڈگری کے باوجود سیکرٹری رکھ لیا گیا حالانکہ تین امیدواران جن کو انٹرویو کے لئے بلایا گیا تھا وہ سب بھی ا یم بی اے کی ڈگری رکھتے تھے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری کی تقرری غیر شفاف طریقے سے کی گئی اقرباء پروری اور سیاسی بنیادوں پر تقرری کر کے دیئے گئے اشتہار کی بھی خلاف ورزی کی گئی ۔ درخواست کے آخر میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ درج بالا افسران کے خلاف قانون کے مطابق احکامات جاری کئے جائیں ۔ واضح رہے کہ گن اینڈ کنٹری کلب کا آڈٹ بھی نہیں ہونے دیا جا رہا ۔ آڈٹ ٹیمیں متعدد بار گن اینڈ کنٹری کلب کے آڈٹ کے لئے کوشش کر چکی ہیں لیکن انتظامیہ مختلف حیلے بہانوں سے آڈٹ حکام کو چکمہ دے جاتی ہے ۔ آڈٹ کے حوالے سے بھی گن اینڈ کنٹرل کلب کے اخراجات پر ایک بڑا سوالیہ نشان لگ چکا ہے اور انتظامیہ کا دانستہ آڈٹ سے روکے رکھنے ایک مجرمانہ حرکت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں