نیشنل ایکشن پلان کے تحت مدارس کی غیر ملکی فنڈنگ کے نکتہ پر عمل درآمد تیز

نیکٹا نے مدارس کی بیرونی فنڈنگ کی چھان بین ایف آئی اے کے ذریعے کروانا شروع کردی

اتوار 31 جنوری 2016 18:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 جنوری۔2016ء) نیشنل ایکشن پلان کے تحت مدارس کی غیر ملکی فنڈنگ کے نکتہ پر عمل درآمد تیز کردیا گیاہے ،قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا) نے مدارس کی بیرونی فنڈنگ کی چھان بین ایف آئی اے کے ذریعے کروانا شروع کردی گئی ہے ،ایف آئی اے نے غیر ملکی فنڈنگ حاصل کرنے والے مدارس کی آمد ن اور اخراجات کے کھاتوں کی چیکنگ سمیت ان کے بنک اکاؤنٹس کا ڈیٹا بھی حاصل کرناشروع کردیاہے ۔

دینی مدارس کو سعودی عرب ،یواے ای ،کویت ،قطر ،ترکی ،ایران ،عراق سے امداد مل رہی ہے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر کے 285مدارس بیرون ملک سے فنڈنگ لیتے ہیں جن کے بارے میں حکومت کو آگاہ کیاجانا ضروری ہے ۔ غیر ملکی فنڈنگ پر چلنے والے مدارس میں پنجاب کے 147،سندھ کے ایک ، کے پی کے 12،بلوچستان کے 30،گلگت بلتستان کے 95مدارس شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

آن لائن ذرائع کے مطابق نیکٹا نے چاروں صوبوں کے مدارس کی غیر ملکی فنڈنگ کی چھان بین کے لیے ایف آئی اے کو آگاہ کردیا گیا ہے ۔

ایف آئی اے نے متعدد مدارس کے کھاتوں کی چیکنگ اور ان کے بینک اکاؤنٹس کا ڈیٹا حاصل کرنے کا عمل شروع کردیاہے ۔ایف آئی اے مدارس انتظامیہ سے فنڈنگ کے آڈٹ رپورٹس سمیت ان کے اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کررہی ہے تاکہ اس بات کا پتہ چلایاجاسکے کہ غیر ملکی فنڈنگ کن مقاصد کے لیے ہورہی ہے ۔ ایف آئی اے نیکٹا کو ہرمدرسے کی الگ الگ رپورٹ ارسال کرے گی ۔ آن لائن ذرائع کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت اب تک غیررجسٹرڈ ،انتہا پسندی اور دہشت گردی میں ملوث 182مدارس کو بندکردیاگیا ہے

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں