الیکشن کمیشن نے این اے 122 کے ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کیلئے تحریک انصاف کی درخواست مسترد کردی

پیر 1 فروری 2016 14:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 کے ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کیلئے تحریک انصاف کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ علیم خان نے درخواستوں کے ساتھ چند ووٹروں کے غلط بیان حلفی جمع کرائے جس پر الیکشن کمیشن کارروائی کا حق رکھتا ہے ‘آئین کے تحت الیکشن کمیشن کو کسی بھی حلقے کے نتائج کو کالعدم قرار دینے کا اختیار حاصل نہیں ‘ علیم خان الیکشن ٹربیونل سے رجوع کریں ۔

پیر کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے بینچ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں تحریک انصاف کے امیدوار علیم خان کی جانب سے انتخابی نتیجہ کالعدم قرار دینے سے متعلق درخواست کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ آئین کے تحت الیکشن کمیشن کو کسی بھی حلقے کے نتائج کو کالعدم قرار دینے کا اختیار حاصل نہیں، اس لئے علیم خان الیکشن ٹریبونل سے رجوع کریں۔

(جاری ہے)

درخواست گذار علیم خان کی جانب سے غلط بیان حلفی جمع کرائے گئے، الیکشن کمیشن درخواست گذار کے خلاف کارروائی کا حق رکھتا ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے علیم خان کو دفعہ 19 کے تحت ووٹوں کے ریکارڈ تک رسائی کی درخواست منظور کرلی ووٹوں کے ریکارڈ تک رسائی کی اجازت آئین کے آرٹیکل 19 اے کے تحت دی گئی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے کہاکہ انتخابی فہرستوں میں شامل کیے گئے نئے ووٹرز کا ریکارڈ پی ٹی آئی کو فراہم کیا جائے ‘یہ ریکارڈ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ 2013 کی نسبت 2015 میں انتخابی فہرستوں میں ووٹوں کے اندراج، اخراج کا ریکارڈ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے، پی ٹی آئی شیڈول کے بعد انتخابی فہرستوں میں ہونے والے ردوبدل کا ریکارڈ بھی حاصل کرسکتی ہے۔یاد رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122 سے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق کامیاب قرار پائے تھے جن کی کامیابی کو ان کے مخالف امیدوار چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چیلنج کیا تھا۔

بعد ازاں الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں مبینہ دھاندلی کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کا موقف درست قرار دیتے ہوئے دوبارہ پولنگ کا حکم دیا۔گزشتہ برس 11 اکتوبر کو این اے 122 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے پی ٹی آئی نے حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق کے مقابلے میں علیم خان کو نامزد کیا ‘ضمنی انتخاب میں سخت مقابلے کے بعد ایاز صادق نے علیم خان کو شکست دے دی، تاہم پی ٹی آئی امیدوار نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پر ضمنی انتخاب میں دھاندلی کرکے جیتنے کا الزام عائد کیا اور الیکشن ٹربیونل میں پٹیشن دائر کی تاہم گزشتہ ہفتے الیکشن ٹربیونل کے جج رشید قمر نے پی ٹی آئی امیدوار علیم خان کی جانب سے دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں