چودھری عبدالمجید کی مقبوضہ کشمیر کے عوام پر فورسز کے کریک ڈاؤن ، حریت قیادت کی گرفتاریوں ودیگر بھارتی رحکمرانوں کے ریاستی ہتھکنڈوں کی شدید مذمت

اقوام عالم بھارت کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیر کے عوام کے حقوق کو غصب کرنے سے باز رکھے ،غیر قانونی تسلط ختم کروائے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی حکمرانوں کی انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اقوام عالم کیلئے لمحہ فکریہ ہیں،لازوال قربانیوں کی بدولت مسئلہ کشمیر دنیا کا فلش پوائنٹ بن گیا ہے ،شہداء کا لہو رنگ لا کر رہیگا،وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 2 فروری 2016 17:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنیمقبوضہ کشمیر میں بے گناہ عوام پر فورسز کے کریک ڈاؤن ،حریت قیادت کی گرفتاریوں اور مسلک کی بنیاد پر ریاستی عوام کو تقسیم کرنے اور ڈیمو گرافک چینج کے بھارتی حکمرانوں کے ریاسی ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو ریاستی دہشت گردی سے ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کو غصب کرنے سے باز رکھے اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی تسلط ختم کروائے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی حکمرانوں کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اقوام عالم کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔

(جاری ہے)

مہذب دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکمرانوں کے ہاتھوں انسانیت کا قتل عام بند کروائے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال نے بھارتی سیکولرازم کا پردہ چاک کردیا ہے۔مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے بھارت کو عالمی سطح پر مکمل طور پر ایکسپوز کردیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام نے لازوال قربانیاں دے کر مسئلہ کشمیر کو دنیا کا فلش پوائنٹ بنا دیاہے اب بھارتی حکمران کچھ بھی کرلیں ریاست جموں وکشمیر کے عوام بھارت کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کی آزادی کا راستہ اب روکا نہیں جاسکتا کشمیری شہداء کا لہو رنگ لا کر رہے گا۔

مقبوضہ کشمیر سے بھارت کا غیر قانونی تسلط ختم ہوکررہے گا ۔ وزیراعظم آزادکشمیر یہاں کشمیر ہاؤس میں تارکین وطن کے ایک وفد سے بات چیت کررہے تھے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی کوششوں کو منظم ومربوط بنائیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ بیس کیمپ کی حکومت کشمیریوں کے مقدس لہو کو رائیگاں نہیں جانے دیگی۔

دریں اثنا وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید مختلف سیاسی وسماجی وفود سے بات چیت کر رہے تھے اس موقع پر وزیر تعلیم سکولز میاں عبدلواحید، وزیر ہاؤسنگ چوہدری پرویز اشرف،وزیر کالجز محمد مطلوب انقلابی بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے 2011کے انتخابی منشور کے مطابق آزادکشمیر سے استحصالی کلچر کا خاتمہ کیا۔

عوامی خوشحالی وترقی کے لیے میگا پراجیکٹس دیئے جس سے آزادکشمیر بھر کے عوام یکساں طور پر مستفید ہورہے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ خدمت خلق ہمارا سیاست کا محور ومرکز ہے اورپارٹی ویژن کو عملی جامہ پہنارہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی غریبوں و پسماندہ عوام کی نمائندہ جماعت ہے آزادکشمیر بھر کے عوام نے اپوزیشن کی منفی سیاست کو مستر کردیا ہے آنے والے انتخابات میں پیپلزپارٹی عوامی عدالت سے سرخرو ہو کر دوبارہ دوتہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی اور انسانی فلاح وبہبود کے ایجنڈے کی تکمیل کرے گی۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے کوئی مائی کا لال ان انتخابات کو ہائی جیک نہیں کرسکتا۔پیپلزپارٹی عوامی حقوق کی محافظ ہے عوام کے حقوق پر کبھی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں