وزیر مملکت قومی صحت سائرہ تارڑ سے نظر فاؤنڈیشن کے چیئرمین کی ملاقات،2016 ء کو آگاہی مہم عطیہ خون کے طور پر منانے کا اعلان

منگل 2 فروری 2016 22:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 فروری۔2016ء) وزیر مملکت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ سے نظر فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد نے ملاقات کی۔ نظر فاؤنڈیشن کے چیئرمین عطا اﷲ بلوچ نے وزیر صحت کو بتایا کہ نظر فاؤنڈیشن نوشکی ایک فلاحی ادارہ ہے جس نے 2008 میں اپنے قیام کے ساتھ ہی بلا غرض انسانیت کی خدمت اور بالخصوص عطیہ خون کا کام شروع کیا اور لوگوں میں شعور و آگہی مہم چلائی۔

جس کی بدولت اس وقت تک ہزاروں بوتل خون کے عطیات ضرورت مند اور تھیلیسیمیا کے مریض معصوم بچوں کو مہیاکئے۔ ان عطیات سے سینکڑوں مریضوں کا علاج معالجہ اورآپریشن ہوئے۔ اور اب نظر فاؤنڈیشن سال 2016 ء کو آگاہی مہم برائے عطیہ خون کے طور پر منائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ خون کے عطیات دینا ایک مقدس کام ہے اور نوجوانوں کو اس فلاحی کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ دکھی انسانیت کی صحیح معنوں میں خدمت کی جا سکے، اور یہ خدمت لائق تحیسن اور قابل تعریف ہے ۔

وفد سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں تھیلی سیمیاکے مریضوں کو مستقل طور پر خون کی اشد ضرورت رہتی ہے۔ چنانچہ اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ہر بلڈ بینک میں خون کی وافر مقدار موجود ہونا ضروری ہے۔ سائر افضل تارڑ نے کہا کہ اسلام ہمیں درس دیتا ہے کہ انسانیت کی خدمت کی جائے۔ ’’ اگر کسی نے ایک انسان کی جان بچائی ، گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی ‘‘خون کے عطیات کی آگاہی مہم میں نوشکی سے آنے والے اس وفد میں ایم شکور ضلعی صدر اور ناصر مینگل ایڈوائزر، نظر فاؤنڈیشن نوشکی بھی شامل تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں