مسلم لیگ(ن) اے جے کے کے نمائندہ وفد کی یوم یکجہتی کشمیر کی تیاری کے حوالے سے وفاقی وزیر اُمور کشمیر سے ملاقات

بدھ 3 فروری 2016 16:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر وگلگت بلتستان چوہدر ی محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر یوم یکجہتی کشمیر کو بھر پور طریقے سے منانے کے لیے مکمل انتظامات کرے۔ اُنہوں نے یہ بات آج مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔جنہوں نے آج صدر مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر ،راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں وفاقی وزیر سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کو بھر پور طریقے سے منانے کے لیے تیاریوں کاجائزہ لیا گیا ملاقات میں راجہ فاروق حیدر نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزادکشمیرمیں مسلم لیگ(ن) کے زیر اہتمام کی جانے والی تیاریوں اور تقاریب سے وفاقی وزیر کو بریف کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم سب کا فرض بنتا ہے کہ اس دن کی مناسبت سے ہم اپنے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کریں اور یہ پیغام نہ صرف کشمیر بلکہ دُنیا کے کونے کونے تک پہنچناچاہیے کہ پاکستان اور آزادکشمیر کی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گی اور اس ضمن میں حکومت پاکستان کشمیر ی بھائیوں کی تمام تر سفارتی ،سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔

وفاقی وزیر نے شرکاء کو بتایا کہ یوم یکجہتی کشمیر کوبھر پور طریقے سے منانے کے لیے تمام ترانتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں او ر اس ضمن میں پاکستان کی تمام تر سیاسی جماعتوں کو اس دن کی تقاریب میں بھر پور شرکت کے لیے درخواست کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں