سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات کا سفارتخانوں میں پریس ا تاشی و قونصلر سمیت دیگرعملے کی تعیناتی کیلئے این ٹی ایس لازمی قرار دینے کا سخت نوٹس ، وزارت سے رپورٹ طلب کرلی

وزارت اطلاعات کے سی ایس ایس کا امتحان پاس کر کے ملازمتیں حاصل کر نے والے افسران کی سفارتخانوں میں تعیناتی کیلئے این ٹی ایس غیر قانونی ہے، قائمہ کمیٹی

بدھ 3 فروری 2016 17:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 فروری۔2016ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے بیرونی سفارتخانوں میں پریس اتاشی اور پریس قونصلر سمیت دیگر عملے کی تعیناتی کیلئے این ٹی ایس ٹیسٹ لینے کی پابندی کا سخت نوٹس لے کر وزارت اطلاعات و نشریات سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور کہا ہے کہ وزارت اطلاعات کے جو افسران سی ایس ایس کا امتحان پاس کر کے ملازمتیں حاصل کرتے ہیں ان کی سفارتخانوں میں تعیناتی کیلئے این ٹی ایس ٹیسٹ لینا غیر قانونی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کمیٹی کا اجلاس بدھ کو سینیٹر کامل علی آغا کی زیر صدارت ہوا، جس میں چیئرمین اور دیگرممبران نے ان اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا کہ حکومت وزارت اطلاعات کے افسران کی بیرون ملک سفارتخانوں میں تعیناتی کیلئے این ٹی ایس ٹیسٹ لے رہی ہے، ارکان نے کہا کہ افسران سی ایس ایس مقابلے کا امتحان پاس کر کے میرٹ پر بھرتی ہوتے ہیں، این ٹی ایس ٹیسٹ تو ملازمت میں بھرتی ہونے کیلئے ہے، بیرونی ممالک میں سفارتخانوں میں تعیناتی کے لئے وزارت خود انٹرویو اور ٹیسٹ لینے کی مجاز ہے۔ ارکان نے کہا کہ سی ایس ایس کو ختم کر کے این ٹی ایس کا نظام نافذ کرنے کی کوششیں قابل مذمت اور باعث تشویش ہیں، کمیٹی نے اس معاملے پر وزارت اطلاعات سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں