باچا خان یونیورسٹی پر حملہ افسوسناک اقدام ہے‘ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش

بدھ 3 فروری 2016 17:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 فروری۔2016ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے باچا خان یونیورسٹی چار سدہ پر دہشت گردی کے حملے کو افسوسناک اقدام قرار دیا ہے ۔ وہ بدھ کو یونیورسٹی کے بورڈآف ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ کے رواں سال کے دوسرے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔صدر جامعہ نے شہداء باچا خان یونیورسٹی کے لئے دعائے مغفرت کی جبکہ متاثرین کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ طلباء و اساتذہ کا قتل ایک سنگین جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی یہ لہر صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ دنیا کے کئی ممالک اس کی لپیٹ میں ہیں جیسا کہ سعودی عرب کی مسجد میں گزشتہ دنوں دہشتگردی کا المناک حادثہ ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ طلباء کو دہشت گردی کے مضمرات سے آگاہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

ڈاکٹر الدریویش نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ مسلمانوں کے دین و اسلاف کی امن و سلامتی پر مبنی تعلیمات سے طلبہ وطالبات کو روشناس کرائیں۔ اجلاس میں جامعہ کی مختلف کلیات کے سکالرز کے مقالات کا جائزہ لیا گیا اور ماہرین نے ان مقالات پر اپنی راے کا اظہار کیا۔ اجلاس میں جامعہ کے نائب صدور سمیت ڈینز، ڈایریکٹرز اور دیگر اعلی عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں