پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ سے باہمی تعلقات اور تعاون مضبوط ہوا ہے، دونوں ممالک کے مابین جغرافیائی اور ثقافتی رابطہ ہے ،پاکستان میں چینی سفیر کا موبائل ایپ واچنگ میڈیا کی تعارفی تقریب سے خطاب

بدھ 3 فروری 2016 21:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 فروری۔2016ء) پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی تیزی سے تکمیل نے دونوں ممالک کی عوام کو مزید قریب کر تے ہوئے باہمی تعلقات اور تعاون کو مضبوط کرنے کے لئے مفید مواقع فراہم کئے ہیں ۔دونوں ممالک کے مابین جغرافیائی اور ثقافتی رابطہ ہے ۔دونوں اطراف کی عوام کے مابین طویل المیعاد گہری دوستی ہے ۔

ان خیالات کا اظہارچینی سفیر نے بدھ کوچینی کمپنی واچنگ کی جانب سے پاک چین میڈیا اور ثقافت کے فروغ کیلئے بنائی گئی"بے سرحد میڈیا" اردو ویب ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔سن وی ڈونگ نے کہا کہ پاکستانی قوم کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی جانب سے چین کو سمجھنے کے لئے خواہشات کااضافہ ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موبائل ایپ واچنگ میڈیا کا مقصد ’’بیلٹ اینڈ روڈ‘‘ منصوبہ کو فروغ دینا ہے ۔یہ موبائل ایپ ’’بیلٹ اینڈ روڈ‘‘ منصوبہ کے حوالہ سے مصدقہ اطلاعات فراہم کرتے ہوئے عالمی سطح کے سیاستدانوں اور کاروباری شخصیات کے مابین ملاقاتوں کے حوالے سے اطلاعات فراہم کرے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ موبائل ایپ کی بطور نئے میڈیا فروغ اور اثرورسوخ میں اضافہ ہورہا ہے ۔

اس ایپ کے ذریعے پاکستانی عوام کو چین اورخاص طور پر سنکیانک ، یغور کے خودمختار علاقہ کے حوالے سے سمجھ بوجھ پیدا کرنے کے لئے اہم موقع ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا وفود کے تبادلے دونوں ممالک کے مابین عوامی رابطوں کا ایک اہم حصہ ہیں ۔ اس ایپ کے ذریعے دونوں ممالک کی عوام کے وفود میں تبادلوں کو یقینا فروغ ملے گا جس سے پاکستان اور چین کے مابین رواں سال سفارتی تعلقات کی 65ویں سالگرہ کے حوالے سے مصروفیات بھی عوام تک پہنچیں گی ۔

میں اس موبائل ایپ کی کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کااظہار کرتا ہوں ۔ اس موقع پر سنکیانک آفس کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ پاکستان اور چین ہمسایہ ممالک ہیں جن کے تعلقات دوبھائیوں کی طرح ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین ریل کے رابطوں کے منصوبے کی طرح اس موبائل ایپ کا مرکز سنکیانک ہے جس تک رسائی پاکستانی قوم کو حاصل ہے ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ واچنگ میڈیا ایپ کو مختلف زبانوں میں ’’بیلٹ اینڈ روڈ‘‘ منصوبہ کے تحت عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔ گزشتہ روز ہونے والی تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید، سینیٹر طلحہ محمود ،پیپلز پارٹی کے سیکر ٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی ،سنکیانگ انفارمیشن آفس کے ڈائریکٹر جنرل لو فیونگ اور چین کی سائبر سپیس ایڈمنسٹریشن کے نمائندے جی ون سمیت مختلف چینی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں