گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے گلگت بلتستان کے سینئر وزیر اکبر تابانی ‘, سپیکر و ڈپٹی سپیکر‘ وزراء اور ممبران گلگت بلتستان کونسل کے وفد کی ملاقات……پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے ‘ قومی امور‘ گلگت بلتستان کے ترقیاتی ‘ عوامی فلاحی منصوبوں اور عوامی مسائل بارے تبادلہ خیال

بدھ 3 فروری 2016 21:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 فروری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گلگت بلتستان کے سنیئر وزیر حاجی محمد اکبر تابانی , سپیکر و ڈپٹی سپیکر, وزراء اور ممبران گلگت بلتستان کونسل کے وفد نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی انہوں نے گورنر پنجاب سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے , قومی امور , گلگت بلتستان کے ترقیاتی , عوامی فلاحی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گورنر پنجاب نے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ ملک اس وقت تاریخ کے اہم ترین دور سے گزر رہا ہے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان میں تیز رفتار ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کا عمل تیز کرنے کے لیئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور ان اقدامات کے مثبت اثرات تیزی سے ظاہر ہو رہے ہیں گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے تمام علاقے مستفید ہوں گے اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا انہو ں نے کہا کہ منصوبے کے لیئے عوامی جمہوری چین کا تعاون قابل تحسین ہے اور اکنامک زون قائم ہونے سے تجارتی سرگرمیوں میں نہ صرف تیزی آئے گی بلکہ پاکستان کی مصنوعات کی برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا حاجی محمد اکبر تابانی نے ملاقات کے دوران گورنر پنجاب کو اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے گلگت بلتستان کے علاقے میں مرتب ہونے والے خوشگوار اثرات اور معیشت کی ترقی کے حوالے سے امور پر بات چیت کی انہوں نے گلگت بلتستان کی ترقی میں وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی دلچسپی اور اقدامات کو سراہا وفد کے اراکین نے اس موقع پر گورنر پنجاب کو گلگت بلتستان اسمبلی میں قانون سازی اور علاقائی ترقی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا وفد میں سپیکر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی فدا نشاط , ڈپٹی سپیکر جعفراﷲ , ورکس منسٹر ڈاکٹر اقبال , وزیر لوکل گورنمٹ و دیہی ترقی فرمان علی اور ممبران محمد علی , محمد شفیع, رضوان علی , فدا نوشاد, کیپٹن (ر) ایم امین , شاہ بیگ حیدر خان, اقبال حسین , نسیم بانو, شیریں بانو اور محمد شفیق شامل تھے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں