کشمیری بہنوں اور بھائیوں کا اس وقت تک ساتھ دیں گے جب تک کہ آزادی کا خواب پورا نہیں ہوجاتا،کشمیر کی جدوجہد مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کی آزادی کے حصول تک جاری رہے گی،قومی یکجہتی کشمیر کے موقع پر حکومت پاکستان اور عوام مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی دلیرانہ سیاسی ،سفارتی او ر اخلاقی جدو جہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کااعادہ کرتے ہیں، پوری دُنیا کے آزاد عوام کے ہمراہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہادر، جرات مند ، دلیراور حوصلہ مندمردوں ، خواتین اور نوجوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں

صدرمملکت ممنون حسین کا یوم یکجہتی کشمیر پر پیغام

جمعرات 4 فروری 2016 14:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 فروری۔2016ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی کشمیر کے موقع پر حکومت پاکستان اور عوام مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی دلیرانہ سیاسی ،سفارتی او ر اخلاقی جدو جہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کااعادہ کرتے ہیں۔ہم پوری دُنیا کے آزاد عوام کے ہمراہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہادر، جرات مند ، دلیراور حوصلہ مندمردوں ، خواتین اور نوجوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

جنہوں نے گذشتہ 68سالوں میں آزادی کے نیک مقصد کیلئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیااور ہم ان ہزاروں کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام نے بھارتی سیکورٹی فورسز کے شدید مظالم کے باوجود بھارتی غلامی تسلیم کرنے سے انکار کیا اور اس بات کا عملی اظہار کیا کہ کشمیریوں کی آزادی کی خواہش کو دبایا نہیں جاسکتا۔

(جاری ہے)

جموں کشمیر کا تنازعہ کئی دہائیوں سے نہ حل ہونیوالا تنازعہ بن کر رہ گیا ہے۔ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کئی قراردادوں کا طویل اور نامکمل ایجنڈا ہے جبکہ بھارت کی ان قراردادوں پر عملدرآمدنہ کرنے کی ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث ان قراردادوں پر عملدرآمد التوا کا شکا رہے۔ہم بھارت اور عالمی برادری پر زوردیتے ہیں کہ وہ 68سال قبل جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ کیا جانے والا وعدہ پورا کریں۔

مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے خواب کی تعبیر ہر پاکستانی کے دل کی خواہش ہے ۔ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ اقرار صالح کرتے ہیں کہ غم اور مصیبت کے وقت وہ ہمیں اپنے ہمراہیوں میں شمار کرسکتے ہیں۔ہم اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کا اس وقت تک ساتھ دیں گے جب تک کہ آزادی کا خواب پورا نہیں ہوجاتا۔کشمیر کی جدوجہد مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کی آزادی کے حصول تک جاری رہے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں