پاکستان کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کے حصول کے لئے جراتمندانہ جدو جہد میں ان کی بھر پور سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری ر کھے گا، جموں و کشمیر کے عوام نے68 سال قبل اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے بین الاقوامی برادری کو آگاہ کر دیا تھا ، بھارت نے ا ن کے حق خود ارادیت کو تسلیم نہیں کیا ، اقوام متحدہ کی قرار دادوں سے منحرف ہو کر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا

وزیر اعظم نوازشریف کا یوم یکجہتی کشمیر پر پیغام

جمعرات 4 فروری 2016 14:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 فروری۔2016ء) وزیر اعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت اس بات کا عزم کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کے حصول کے لئے جراتمندانہ جدو جہد میں ان کی بھر پور سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔ جموں و کشمیر کے عوام نے68 سال قبل اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے بین الاقوامی برادری کو آگاہ کر دیا تھا لیکن بھارت نے ا ن کے حق خود ارادیت کو تسلیم نہیں کیا اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں سے منحرف ہو کر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام نے اپنی جدوجہدمیں نا قابل فراموش قربانیاں دیں اور اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیا ۔تاہم بھارت اپنے تمام تر دباؤ اور مظالم کے باوجود کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کو ناکام نہ بنا سکا۔

(جاری ہے)

پوری دنیا کے آزادی کے متوالے اور پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کو ان کی جرأت ، بہادری پر سلام پیش کرتے ہیں جو بھارتی سیکورٹی فورسز کے شدید مظالم ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باوجود جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پاکستان کی یہ شدید خواہش ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی روشنی میں پر امن طریقے سے حل ہو اور پاکستان بارہا بین الاقوامی برادری کو یہ باور کراچکا ہے کہ وہ 68 سال قبل شروع ہونے والی اس جدوجہد پر کشمیری عوام سے کیا جانے والا وعدہ پوراکریں ۔ خطے میں اسوقت تک امن بحال نہیں ہو سکتا جب تک مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ وہاں کے عوام کی مرضی کے مطابق طے نہیں پا جاتا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں