پاکستان کسی مصلحت کے بغیر کشمیر پر اپنے اصولی موٴقف پر قائم رہے گا،صدرممنون

جمعرات 4 فروری 2016 16:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 فروری۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہر بچہ یہ احساس لے کر پیدا ہوتا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کسی مصلحت کو خاطر میں لائے بغیر کشمیر پر اپنے اصولی موٴقف پر قائم رہے گا۔صد ر مملکت ممنون حسین ایوان صدر میں کشمیری حریت قائدین سے ایوان صدر میں گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے ہے جو عالمی مسلمہ اصولوں کے عین مطابق ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آپ سے ملاقات کا مقصد آپ کو یہ احساس دلانا ہے کہ پاکستان کی قیادت اور عوام آپ کے ساتھ ہیں اورآپ کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ ساٹھ سالوں سے کشمیر ی عوام جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں جس پر پوری قوم ان پر سلام پیش کرتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے عوام کی جدوجہد کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ عالمی برادری اور دیگر مختلف عالمی فورمز کے ذریعے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم سے بھی دنیا کو آگاہ کرتا رہے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ کشمیر کے عوام جس طرح پورے عزم اور جرآت کے ساتھ اپنی آزادی کی تحریک چلارہے ہیں وہ لائق تحسین ہے اور پوری با ضمیر دنیا ان کے موٴقف کی حمایت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر جیسے انسانی مسئلے کو مصلحتوں اور معمولی مفادات کی خاطر نظر انداز کرنے والوں پر افسوس ہے لیکن پاکستان میں کوئی بھی حکومت ہو پاکستان کا موٴقف کس بھی صورت میں تبدیل نہیں ہوگا اور پاکستان کشمیر کے غیور عوام کی جدوجہد آذادی کی حمایت جاری رکھے گا۔حریت قائدین نے مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کی مخلصانہ اور پْر زور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کی حمایت کی وجہ سے جدوجہد آزادی میں شریک کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔

ان قائدین نے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیر کے لوگ پاکستان کی طرف دیکھتے ہیں اور انہیں کسی بھی موقع پر پاکستان کے عوام یا حکومت پاکستان نے مایوس نہیں کیا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر برجیس طاہر، قائم مقام سیکریٹری خارجہ اورحریت قائدین فاروقی رحمانی، غلام محمد صفی، محمود ساگر، طاہر مسعود، فیاض نقشبندی، ملک محمد مجید، اطہر مسعود وانی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں