حکومت اور پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، سب ملکر پاکستان کو محفوظ اور خوشحال بنانے کیلئے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے

اجلاس کے شرکاء کوملک کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات ، دہشت گردوں کے نیٹ ورکس ، روابط ،پاکستان مخالف خفیہ اداروں کے کردار اور پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے میں ان کے معاونین کے کردار پر تفصیلی بریفنگ پاک افغان سرحدی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال

جمعرات 4 فروری 2016 20:49

اسلام آباد/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 فروری۔2016ء) وزیراعظم نوازشریف نے ملکی تحفظ کے لئے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جانیں قربا ن کرنے والے پاک فوج اور خفیہ اداروں کے بہادر افسران و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت اور پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم سب ملکر دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے اور پاکستان کو ایک محفوظ اور خوشحال ملک بنائیں گے جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ دہشت گردوں کو باہر سے فنڈنگ اور اند ر سے سہولت کار ی و مدد مل رہی ہے ، ملک بھر میں آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مزید مضبوط کرنے کیلئے کوششوں کا سلسلہ جاری رکھناہوگا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق جمعرات کو یہاں آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر میں سیکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ جس میں وزیراعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کو اندرونی و بیرونی طور پر درپیش خطرات سے متعلق بریفنگ دی گئی ، شرکاء کو دہشت گردوں کے نیٹ ورکس اور ان کے روابط کے حوالے سے آگاہ کیاگیا۔

اجلاس میں پاکستان مخالف خفیہ اداروں کے کردار اور پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے،پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے کے حوالے سے ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے کردار پر تفصیلی غور کیاگیا ۔ اجلاس میں پاک افغان سرحدی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل سمیت دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردوں کو باہر سے فنڈنگ ہوتی ہے اور اندرونی طور پر ان کو سہولت کاری بھی مہیا کی جاتی ہے۔

انہوں نے ملک بھر میں آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ملک میں پائیدار اور مستقل امن و استحکام کو یقینی بنانے ،خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشنز میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مزید مضبوط کرنے کی کوششوں سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس دوران وزیراعظم نواز شریف نے پاک فوج کی جانب سے کوششوں اور حاصل کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ خفیہ ادارے اہم کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں اور آپریشنز کے نتیجے میں ملک کی سیکیورٹی کی صورتحال میں واضح تبدیلی آئی ہے جو قابل تعریف ہے ۔

وزیراعظم نواز شریف نے پاک فوج اور خفیہ اداروں کے بہادر افسران و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملکی تحفظ کیلئے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانیں قربان کیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے اس عظیم خفیہ ادارے اور اس کے افسران اور اہلکاروں پر فخر ہے جنہوں نے بے شمار قربانیاں دیں اورجس کا سب اعتراف کرتے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں مسلح افواج اور خفیہ اداروں کی پشت پر کھڑی ہے، انہوں نے اس عزم کو بھی دوہرایا کہ ہم سب مل کر اجتماعی طور پر دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے اور پاکستان کو ایک محفوظ اور خوشحال ملک بنائیں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر)ناصر جنجوعہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں