اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کو مستقل کرنے کیلئے پالیسی بنائی جائے ، سیکٹر ڈی 12 میں ترقیاتی کام 30 جون 2016ء تک مکمل کئے جائیں

سینٹ کی خصوصی کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کی وزارت کیڈ کو ہدایت

جمعرات 4 فروری 2016 22:08

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 فروری۔2016ء) سینٹ کی خصوصی کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے وزارت کیڈ پر زور دیا ہے کہ وہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کو مستقل کرنے کیلئے پالیسی بنائے جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 12 میں ترقیاتی کام مکمل کرنے کیلئے 30 جون 2016ء کی ڈیڈ لائن دیدی۔ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹر طلحہ محمود کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سینیٹر میر محمد یوسف بادینی، کامل علی آغا، نجمہ حمید، حاجی سیف اللہ خان بنگش نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کمیٹی نے سفارش کی کہ تمام اساتذہ کو بغیر کسی امتیاز کے مستقل کیا جائے کیونکہ یہ تمام اساتذہ باصلاحیت اور اپنی ڈیوٹی ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے کہا کہ اساتذہ کو عزت دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اساتذہ کے وفد نے کمیٹی کو بتایا کہ موجودہ حکومت کے دور میں 2 ہزار سے زائد ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین مستقل کئے گئے ہیں تاہم اساتذہ کو ابھی تک ان مسائل کا سامنا ہے اور 600 اساتذہ اور 1500 غیر تدریسی سٹاف اس وقت بھی اپنی ملازمتوں کے تحفظ کا مطالبہ کر رہا ہے۔

کمیٹی نے اتفاق رائے سے سول سرونٹ ترمیمی بل 2015ء کی منظوری دی۔ کمیٹی نے گلگت بلتستان کے علاقے میں این ڈی ایم اے کی بہترین کارکردگی کو بھی سراہا۔ کمیٹی نے سیکٹر ڈی 12 میں 2005ء سے ترقیاتی کام کی سست رفتاری پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ سی ڈی اے کے حکام نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ بقیہ ترقیاتی کام جلد سے جلد مکمل ہو جائے گا جبکہ کمیٹی نے 30 جون 2016ء تک ترقیاتی کام مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں