پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

جمعہ 5 فروری 2016 12:34

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء) پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی ‘ اسلام آباد نے مقرر ہ 20اوورز میں 7وکٹوں کی نقصان پر 128رنز بنائے ‘ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 129 رنز کا ہدف 16 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ‘ کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز نے 4، عمر گل، انور علی اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ‘محمد نواز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تفصیلات کے مطابق دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، اسلام آباد نے کوئٹہ کو جیت کیلئے 129 رنز کا ہدف دیاجس کے جواب میں احمد شہزاد اور لک رائٹ نے ٹیم کو 4 اوورز میں 53 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم احمد شہزاد صرف 11 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے ‘ کیون پیٹرسن بھی 8 رنز بنا کر عمران خالد کا شکار بنے تاہم لک رائٹ نے تیسری وکٹ کے لیے محمد نواز کے ساتھ ملکر 59 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری قائم کی، لک رائٹ 86 جب کہ محمد نواز 22 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے، اسلام آباد کی جانب سے عمران خالد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اسلام آباد نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔ شین واٹس اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن وہ ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور 24 رنز پر دونوں کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، واٹسن 15، شرجیل خان 10 رنز ہی بناسکے ‘ عمر امین بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوئے۔

کوئٹہ کے بولرز نے کسی بھی بیٹسمین کو کھل کر بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں دیا اور وقفے وقفے سے اسلام آباد کی وکٹیں گرتی رہیں ‘بابر اعظم 15، سیم بلنگز 2 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، 63 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد اسلام آباد کے لیے 100 رنز کرنا بھی مشکل دکھائی دے رہا تھا تاہم مصباح الحق کی 41 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز اور ایندرے رسل کی آخری لمحات میں جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر کھڑا کردیا ‘رسل نے 20 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی۔ کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز نے 4، عمر گل، انور علی اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں