پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کوئٹہ کا فحش مواد اور اشتہارات کے خلاف کاروائی کی سفارش

جمعہ 5 فروری 2016 18:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 فروری۔2016ء) پیمرا کونسل آف کمپلینٹس بلوچستان نے آغا محمد ناصر کی زیر صدارت پیمرا ریجنل آفس کوئٹہ میں، گزشتہ روز منعقد ہونے والے اپنے 31ویں اجلاس میں پیمرا کو اشتہارات کے مواد کی سختی سے نگرانی کی سفارش کی ہے ، جیسا کہ یہ اشتہارات معاشرے اور نوجوان نسل پر غلط ا ثرات مرتب کر رہے ہیں۔ کونسل نے مزید یہ سفارش بھی کی ہے کہ ٹی وی چینلز اپنے میزبانوں اور نیوز رپوٹرز کو اردو الفاظ صحیح استعمال کرنے کی ہدائیت کریں اور ٹی وی چینلز پندرہ منٹ کے باقاعدہ پروگرام کے بعد اشتہارات کے وقفہ کے قانون پر عمل پیرا ہوں ۔

کونسل نے ٹی وی چینلز کے فحش /غیراخلاقی،جرائم کے فروغ اور فرقہ وارانہ انتشار پھیلانے جیسے مواد کے نشر کرنے پر سنگین خدشات کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

کونسل نے ہم ٹی وی چینل (HUM-TV)کے خلاف نامناسب مواد کو نشر کرنے کی شکائیت کو اگلے اجلاس تک مئوخر کر دیا۔کونسل نے میسرز آسمان ریڈیو پرائیویٹ لمیٹڈ ، ایف ایم ریڈیو 88 کی مستونگ سے کوئٹہ کی غیر قانونی منتقلی کی بھی سماعت کی۔

کونسل نے کمپنی کے سی ای او کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریڈیو کی کوئٹہ سے نشریات فوری طور پر روک دی جائیں بصورت دیگر ریڈیوکو بند کر دیا جائے گا۔کونسل نے ایف ایم ریڈیو 95.4کے زیارت سے غیرفعال ہونے کا معاملہ میسرز کاٹ کول انٹر نیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او کی عدم دستیابی کی وجہ سے مئوخر کر دیا۔ کونسل کے اگلے اجلاس میں اگر سی ای اوپیش نہ ہوا تو کونسل یک طرفہ کاروائی کرتے ہوئے معاملے کا فیصلہ کر دے گی۔

کونسل نے عوام الناس سے گزارش کی ہے کہ عوام ،کیبل اپریٹرز ، ایف ایم ریڈیو اور ٹی وی چینلز کے مواد کے حوالے سے متعلق اپنی تجاویز، آرا اور شکایات کونسل کو بھیجیں۔جس سے کونسل ان کی مدد سے پیمرا کی بہتر انداز میں رہنمائی کر سکے ۔ اجلاس میں دیگر کونسل ممبران بشمول ڈاکٹرراشدہ پانیزئی ، ایڈوکیٹ میر عطااللہ ،موسٰی خان کاکڑاورراحت علی (آر جی ایم /سیکرٹری کونسل) بھی موجود تھے

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں