سعودی ایئر لائن سے جدہ میں پھنسے 463 عمرہ زائرین اسلام آباد پہنچ گئے

فلائٹ آپریشن بند ہونے سے جدہ میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،مسافروں کی گفتگو

جمعہ 5 فروری 2016 22:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 فروری۔2016ء ) پی آئی اے ملازمین کے احتجاج اور فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے چار روز بعد سعودی عرب سے 463 عمرہ زائرین کو لے کر سعودی ایئر لائن کی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے سعودی ایئر لائن سے معاہدے کے نتیجے میں گیارہ خصوصی پروازوں کے انتظامات کیے گئے جس کے تحت پہلی دو پروازیں اسلام آباد اور کراچی پہنچیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد پہنچنے والے زائرین عمرہ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس پی آئی اے کے کنفرم ٹکٹ موجود تھے تاہم پی آئی اے ہڑتال اور فلائٹ آپریشن بند ہونے کے باعث انہیں جدہ میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے جدہ میں ہوٹلنگ اور کھانے پینے کی سہولت کا ایک روز بعد انتظام کیا گیا ۔ اب بھی ایک ہزار سے زائد پاکستانی سعودی عرب میں پھنسے ہوئے ہیں۔ مسافروں کو جدہ لے جانے کے معاہدے کے باوجود پی آئی اے کے ناقص انتظامت کے باعث سعودی طیارہ خالی لوٹ گیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں