پی آئی اے طیاروں کی 6 روز بعد اڑان، اندرون و بیرون ممالک فلائٹ آپریشن جزوی بحال

سعودی عرب میں پھنسے عمرہ زائرین کو واپس لانے کیلئے پی آئی اے کی دو پروازیں جدہ پہنچ گئیں, پروازوں کا تمام عملہ اور گراوٴنڈسٹاف قومی ایئر لائن سے ہی تعلق رکھتا ہے، ترجمان پی آئی اے حکومت کی جانب سے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بحال ہونے کا خیر مقدم

اتوار 7 فروری 2016 12:20

اسلام آ با د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 فروری۔2016ء) حکومتی کوششیں رنگ لے آئیں ،قومی ایئر لائن(پی آئی اے) کا اندرون اور بیرون ممالک فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال ہوگیا ،حکومت نے فلائٹ آپریشن بحال ہونے کا خیر مقدم کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کے مطابق حکومت 6 روز کی کوششوں کے بعد پی آئی اے کا اندرون اور بیرون ملک فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

اتوار کی علی الصبح قومی ایئر لائن کے 2 بوئنگ 777 طیارے راولپنڈی کے بینظیرایئرپورٹ سے جدہ روانہ ہوئے جو وہاں موجود سینکڑوں معتمرین کو واپس لائیں گے۔ جدہ جانے والی پرواز پی کے 7329 کو کیپٹن آصف گیلانی اور کیپٹن طارق چوہدری جب کہ پی کے 741 کو کیپٹن میاں طاہر ریحان اور کیپٹن لیاقت حسین اڑا رہے تھے، دو نوں طیارے عمرہ زائرین کو واپس لانے کیلئے سودی عرب کے شہر جدہ پہنچ چکے ہیں اور یہ رات 2 بجے اسلام آباد سے روانہ ہوئے۔

(جاری ہے)

دونوں پروازوں کے ذریعے 800 عمرہ زائرین کو واپس لایا جائیگا۔ دونوں طیاروں کا عملہ اور گراوٴنڈ سٹاف پی آئی اے کا ہی ہے۔راولپنڈی سے ہی پی آئی اے کی پرواز پی کے 606 مسافروں کو لے کر گلگت پہنچ گئی ہے جب کہ یہ پرواز وہاں موجود 200 سے زائد افراد کو واپس بھی لے کر آئے گی۔ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جدہ اور گلگت جانے والی پروازوں کا تمام عملہ اور گراوٴنڈ اسٹاف قومی ایئر لائن سے ہی تعلق رکھتا ہے۔

وہ پی آئی اے کے عملے سے اپیل کرتے ہیں وہ غیر مشروط طور پر اپنے فرائض دوبارہ سنبھال لیں۔دوسری جانب ملک کے دیگر ہوائی اڈوں سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن مکمل طور پر معطل ہے۔ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، سکھر، رحیم یار خان اور ملتان کے ہوائی اڈوں سے قومی ایئر لائن کی کوئی ملکی یا غیر ملکی پرواز آج بھی اڑان نہیں بھرے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی نجکاری کے خلاف ملازمین دو فروری سے ہڑتال پر ہیں اورپی آئی اے کا فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند پڑا ہے۔ پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ملازمین کی ہڑتال کے پہلے دن کراچی کے قائداعظم انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے باہر شدید احتجاج ہوا تھا۔سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے آنسو گیس پھینکی اور فائرنگ سے دو ملازم ہلاک ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں