نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے روڈ انفراسٹرکچر کے 11منصوبوں کے ذریعہ خیبرپختونخوا کو سب سے بڑا حصہ ملا

اتوار 7 فروری 2016 20:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 7فروری۔2016ء) نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے روڈ انفراسٹرکچر کے 11منصوبوں کے ذریعہ خیبرپختونخوا کو سب سے بڑا حصہ ملا۔این ایچ اے کے حکام نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ کے پی کے میں حسن ابدال، مانسہرہ ایکسپریس وے (ای35- ) پرکام زوروشور سے جاری ہے جو چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کا حصہ ہے جس کی تکمیل سے علاقہ میں ترقی اورخوشحالی آئے گی اور راولپنڈی اسلام آباد سے مانسہرہ سفری دورانیہ میں ایک گھنٹہ کی کمی آئے گی۔

حکام نے بتایا کہ عطاء آباد بیریئر این-35 کامیابی سے مکمل ہوچکا ہے،24 کلومیٹر کے کے ایچ کی شاہراہ چین کے تعاون سے 27.5 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے جو جھیل کے ساتھ ساتھ ہنزہ وادی میں داخل ہوتی ہے جس میں 7کلومیٹر،5 پاک چین فرینڈ شپ ٹنل،2بڑے اور78 چھوٹے پل بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح جھالکھڈ، چلاس(این5-) ، تھاکوٹ تا رائے کوٹ(این35-) 174کلومیٹر، نوشہرہ ، چکدرہ، دیر(این45-) اور پشاور شمالی بائی پاس کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے۔

مزید برآں برہان، ڈی آئی خان، جگلوٹ، سکردو(ایس ون164 کلومیٹر)، حویلیاں، تھا کوٹ(این35-) 120کلومیٹر اور چکدرہ ، مینگورہ، فتح پور(این95-) 82کلومیٹر حصوں پر کام کا آغاز جلد متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں وفاقی حکومت کے پی کے پربھی خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اسلام آباد، میانوالی، ڈیرہ اسماعیل خان ہائی وے جو سی پیک کے تحت تعمیرکی جارہی ہے اس کیلئے 10 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، ڈی آئی خان ، تھل کوٹ حصہ(این50-) کی بحالی کیلئے دو ارب روپے مختص کئے جاچکے ہیں، برہان، حویلیاں ایکسپریس وے(این35-) کی تعمیرکیلئے سی پیک کے شمالی حصہ کو ملانے کیلئے دو ارب30کروڑ روپے مختص کئے گئے، تھاکوٹ، حویلیاں120کلومیٹر(این35-) حصہ کی تعمیر کلئے 20ارب 50کروڑ روپے جبکہ زمین کی خریداری کیلئے 5ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوشہرہ، چترال ہائی وے( تخت بھائی فلائی اوور) کیلئے 20کروڑ روپے، لواری ٹنل کیلئے دو ارب روپے اور پشاور شمالی بائی پاس کیلئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ این ایچ اے نے گذشتہ دوبرس میں سڑکوں کی سالانہ مرمت پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا میں تقریباً3ارب 47 کروڑ70 لاکھ روپے خرچ کئے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2013-14ء میں اس حوالے سے کے پی کے میں ایک ارب37کروڑ80 لاکھ روپے ، مالی سال2014-15ء کے دوران دو ارب9کروڑ90 لاکھ روپے خرچ کئے جبکہ2010ء کے سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی مرمت کیلئے بجٹ میں رواں مالی سال کیلئے 5کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں