الیکشن کمیشن جھنگ چنیوٹ کے بلدیاتی نمائندوں کی خریداری کا نوٹس لے ، فیصل صالح حیات

پیر 8 فروری 2016 13:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 فروری۔2016ء) سابق وزیر داخلہ مخدوم سید فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ جھنگ چنیوٹ میں بلدیاتی نمائندوں کی خرید و فروخت کا الیکشن کمیشن نوٹس لے ۔ دونوں اضلاع میں پنجاب حکومت نے نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی خریداری پر صوبائی خزانہ کے منہ کھول دیئے ہیں لیکن جھنگ چنیوٹ کی غیور اور غیرت مند عوام حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے مسترد کر دے گی ۔

آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فیصل صالح حیات نے کہا کہ الیکشن کمیشن جھنگ چنیوٹ میں نئے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی خریداری کا فوری نوٹس لے پنجاب حکومت ضلعی انتظامیہ کے ذریعے بلدیاتی نمائندوں کو خرید رہی ہے پنجاب کے واحد دو اضلاع جھنگ اور چنیوٹ میں مسلم لیگ(ن) کو شکست فاش دی تھی اور دونوں اضلاع میں مخدوم گروپ کے حمایت یافتہ بھاری اکثریت سے جیتے تھے لیکن اب حکومت پنجاب اپنی شکست کو فتح میں بدلنے کے لئے خریداری کا سہارا لے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

سادہ لوح چیئرمین اور وائس چیئرمین سے مختلف لالچ دیئے جا رہے ہیں اگر حکومت نے یہ روش نہ بدلی تو حکومت مخالف تحری چلائیں گے ۔ پنجاب حکومت صوبے میں عوام کے حالات زندگی سدھارنے میں پہلے ہی ناکام ہو چکی ہے اب دھونس دھاندلی اور پولیس فورس کے ذریعے نئے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو وفاداریاں تبدیل کرنے پر زور دے رہی ہے لیکن حکومت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے مخدوم گروپ کے حمایت یافتہ چیئرمین مرعوب نہیں ہوں گے اور ظالم حکومت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے انہوں نے کہا کہ جھنگ اور چنیوٹ کے عوامی نمائندوں کو خریدا نہیں جا سکتا حکومت اپنی روش تبدیل کرے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں