عالمی بینک کے صدر کل 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے

پیر 8 فروری 2016 16:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 فروری۔2016ء) عالمی بینک کے صدر ڈاکٹر جم یونگ کم کل منگل سے دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔اس دوران وہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے جامع مذاکرات کریں گے اور ملک میں جاری اصلاحات کے عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دس برس میں عالمی بینک کے کسی صدر کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ چار سال سے صدارت کے عہدے پر فائز ڈاکٹر کم کا بھی یہ پہلا دورہ ہے۔

اس سے پہلے عالمی بینک کے صدور وزیر اعظم نواز شریف سے متعدد ملاقاتیں کر چکے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر کم بلوچستان و خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلی اور گورنر کے پی کے سے بھی ملیں گے اور چھوٹے صوبوں و قبائلی علاقوں میں پروگراموں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ سول سوسائٹی اور نجی شعبہ کے نمائندوں سے بھی ملیں گے۔

(جاری ہے)

ان کے اس دورے میں پیداوار، توانائی، سرمایہ کاری، انسانی ترقی، پولیو کا خاتمہ، خدمات کی فراہمی، ماحول کی تبدیلی، علاقائی رابطے، مالیاتی شمولیت، صنفی اور بے گھری کے معاملات و شعبے مرکزی اہمیت کے حامل ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق عالمی بینک نے دو سال کے دوران انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کے تحت داسو اور تربیلا فور جیسے منصوبوں میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری، پیداوار اور توانائی کے شعبے میں ڈیولپمنٹ پالیسی کریڈٹ میں ، غیرمعمولی تعاون کیا ہے۔ڈاکٹرجم یونگ کم یکم جولائی 2012 کو عالمی بینک کے صدر بنے۔ وہ فزیشن اور اینتھرو پولوجسٹ ہیں جنہوں نے دو دہائیوں سے خود کو عالمی ترقی کیلئے وقف کردیا ہے اور دنیا بھر میں نچلے طبقے کے لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔بینک کا صدر بننے سے قبل وہ ڈرموتھ کالج کے صدر تھے جو امریکا میں اعلی تعلیم کا مرکز اور ٹاپ تعلیمی اداروں میں شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں