جماعت اسلامی اپنی سماجی اور قومی خدمات کے ریکارڈ کے ساتھ معاشرے میں قیمتی اثاثہ ہے ،عبدالرشید ترابی

پیر 8 فروری 2016 16:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اپنی سماجی اور قومی خدمات کے ریکارڈ کے ساتھ معاشرے میں قیمتی اثاثہ ہے ، ریاست کی وحدت کی علامت ہے ، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے جماعت اسلامی کی کاوشوں کی وجہ سے پاکستان کی پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو تحریک آزادی کشمیر کا پشتیبان بنی ہے۔

آزاد خطے کے اندر عوام اور بالخصوص نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جنگ لڑی ہے ، جماعت اسلامی کے خدمت کے ادارے ہزاروں یتمیٰ اور بے سہارا لوگوں کی کفالت کا اہتمام کر رہے ہیں۔اپنے اس شاندار ریکارڈ کے ساتھ آمدہ انتخابات میں بھرپور انداز سے حصہ لیں گے اور موثر پارلیمانی نمائندگی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سابق امیر جماعت سردار اعجاز افضل خان ، نائب امراء نور الباری ، محمود الحسن چودھری ، ڈاکٹر خالد محمود، شیخ عقیل الرحمن ، مشتاق احمد ایڈووکیٹ، راجہ جہانگیر خان ، ڈاکٹر مشتاق خان اور سیکرٹری جنرل سردار ارشد ندیم خان سمیت دیگر امراء اضلاع اور اراکین شوریٰ نے خطاب کیا ۔ اختتامی خطاب میں عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے متاثرین زلزلہ ، متاثرین سیلاب ، سیز فائر لائن پر بھارتی شیلنگ سے متاثرہ آبادیوں اور مہاجرین کی دیکھ بھال کا حق ادا کیا ہے جو محدود پارلیمانی رول ملا اس میں قانون سازی نظام کی اصلاح ، لوگوں کے حقوق کا تحفظ ، تعمیر وترقی میں مثالی کردار ادا کیا ۔

اس امتیازی ریکارڈ کے ساتھ انتخابات میں حصہ لیں گے ، جماعت اسلامی کے کارکن ، امیدواران اسمبلی ، اور ہر سطح کے ذمہ داران پوری یکسوئی کے ساتھ عوام رابطہ مہم تیز کریں ، وارڈز اور پولنگ اسٹیشن کی سطح تک اپنے کام کو مضبوط سے مضبوط تر کریں ، جماعت اسلامی نے جن امیدواروں کو قانون ساز اسمبلی کے لیے نامزد کیا ہے وہ تعلیم ، صلاحیت اور کردار کے حوالے سے معاشرے میں ممتاز مقام رکھتے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام الناس تک اپنی خدمات اور لائحہ عمل پہنچایا جائے ۔ عوام الناس کو یہ باور کرایا جائے کہ جماعت اسلامی آزاد خطے کو ایک اسلامی فلاحی ، ماڈل ریاست بنانا چاہتی ہے جو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بھی ہو اور عوام کے فلاح و بہبود کا ایجنڈا بھی رکھتی ہو۔ان اہداف کے حصول کے لیے زبردست محنت اور جدوجہد کی ضرورت ہے کارکن الله کی رضا کو سامنے رکھتے ہوئے پوری یکسوئی کے ساتھ میدان میں اتریں اور لوگوں کو اپنے ساتھ شامل کریں ، جماعت اسلامی ظلم کے اس نظام کو بدلنا چاہتی ہے ، بد معاشی کے اس سیاسی کلچر کو تبدیل کرنا چاہتی ہے ، عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ اور نظام حکومت قائم کرنا چاہتی ہے ان مقاصد کے حصول کے لیے اسی سطح کی محنت کی ضرورت ہے ، باقی پارٹیاں اور نظام فیل ہو چکے ہیں ، ایک اسلام کا نظام ہی ہے جو عوام الناس کو سکون اور انصاف فراہم کر سکتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں