جب تک پاکستان میں اسلامی نظام نہیں آتا خوشحالی نہیں آسکتی،زبیر فاروق خان

جماعت اسلامی حکومتی کرپشن کے خلاف مارچ سے ایک بڑی عوامی تحریک کا آغاز کریگی، خطاب

پیر 8 فروری 2016 18:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء ) جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد کے امیر زبیر فارو ق خان نے کہا ہے کہ جب تک پاکستان میں اسلامی نظام نہیں آتا خوشحالی نہیں آسکتی، پاکستان پر اندرونی و بیرونی قرضوں کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے ہرپیدا ہونے والا بچہ سوا لاکھ روپے کا مقروض ہے۔ ہم نے اسلامی نظام کے نفاذ اور اسکی عملی جدوجہد کا عزم کیا ہے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان پر اعتماد ہیں اور ہر طرح کے حالات میں جدوجہد کا حوصلہ رکھتے ہیں ہم آئینی و قانونی دائرہ میں اصلاح ریاست اور اصلاح معاشرہ کا کام جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے چراہ ، ترلائی اور جی سکس کے دورے کے موقع پر مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

زبیر فاروق خان نے کہا حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوچکی ہے ، قومی اداروں میں کرپشن اور بد انتظامی کرکے انہیں تباہ وبرباد کیا گیا ہے اور اب ان کواونے پونے فروخت کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں جو ملک اور قوم کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا جماعت اسلامی حکومتی کرپشن کے خلاف مارچ سے ایک بڑی عوامی تحریک کا آغاز کر رہی ہے جس کے لیے ہمیں بڑے پیمانے پر عوام کی تائید درکار ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو زور دیا کہ قرآن سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں۔فرد اور خاندان کی اصلاح اور تعمیر و ترقی سے ہی معاشرہ تعمیر ہوگا اور تبدیلی ممکن ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں