تحریک انصاف کا وزیراعظم کے پی آئی اے ملازمین کے خلاف دھمکی آمیز بیانات پر افسوس کا اظہار

کیا وزیراعظم نہیں جانتے جمہوریت شہریوں کو اختلاف رائے اور پرامن احتجاج کا حق دیتی ہے،نعیم الحق

پیر 8 فروری 2016 20:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 فروری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے پی آئی اے کے ملازمین کے خلاف دھمکی آمیز بیانات پرانتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پرامن احتجاج کے بارے میں وزیراعظم کے خیالات اور رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق کا کہنا ہے کہ جمہوری ملک کے وزیراعظم کی جانب سے اپنا حق کیلئے آواز اٹھنے والوں کے خلاف دھمکی آمیز بیانات انتہائی افسوسناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا وزیراعظم نہیں جانتے کہ جمہوریت شہریوں کو اختلاف رائے اور پرامن احتجاج کا حق دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعجب ہے کہ پاکستان جیسے ملک میں جہاں جمہوریت رائج ہے وزیراعظم معاملات کو حل کرنے کی بجائے اپنا حق مانگنے والوں کو دھمکیاں دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب کو یہ سمجھنا چاہیے کہ جمہوریت میں طاقت نہیں بلکہ فہم و فراست سے معاملات چلائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم بحرانی صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ہو رہے ہیں تو تحریک انصاف ان کی معاونت کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگروزیراعظم ملک بھر میں پھیلی ہوئی بے چینی ختم کرنا چاہتے ہیں تو بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے حقیقی ثمرات قوم کو منتقل کریں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کا اعلان کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم حالات کو سدھارنا چاہتے ہیں تو اسٹیل ملز سمیت تمام سرکاری اداروں کے ملازمین کو تنخواہوں کی فراہمی کا فیصلہ کریں اور بجلی اور گیس پر مختلف ناموں سے عائد کیے گئے ناروا ٹیکسوں کی فوری واپسی کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یقین دہانی کروائیں کہ پٹرول اور گیس کے ذریعے عوام کو لوٹنے کا سلسلہ فوری طور پر ترک کیا جائے گا اور عوام پر مزید کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا جائیگا۔

ان کے مطابق وزیراعظم اگر ملک میں جاری بحرانی کیفیت سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اسٹیل ملز، پی آئی اے اور دیگر قومی اداروں کو بیچنے کا فیصلہ بھی فوری طور پر ترک کریں اور ان اداروں کی تنظیم نو کے امکانات پر غور کریں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ تحریک انصاف پی آئی اے سمیت دیگر قومی اداروں کی اصلاح ِ احوال کیلئے جامع حکمت عملی پارلیمان کے اندر اور باہر پیش کر چکی ہے جس سے استفادہ کر کے وزیر اعظم موجودہ بحرانی کیفیت سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر وزیراعظم نے حالات کو سلجھانے کی بجائے آمرانہ روش برقرار رکھی اور اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھانے والوں کو للکارنے کا سلسلہ جاری رکھا تو حالات میں بہتری کے امکانات مسدود ہو جائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری خود وزیراعظم پر عائد ہوگی۔ چنانچے وزیراعظم اور ان کی حکومت پر لازم ہے کہ وہ ہوش مندی کا مظاہرہ کریں اور ہٹ دھرمی کی بجائے فہم و فراست بروئے کار لاتے ہوئے ہماری تجاویز پر عمل کریں اور عوام دشمن پالیسیوں پر عمل درآمد ترک کرتے ہوئے حالات میں بہتری کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں