اسلام آباد دہشتگردوں کے نشانے پر ہے ہر جگہ پولیس تعینات نہیں کی جاسکتی،،ایس ایس پی آپریشن

منگل 9 فروری 2016 16:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 فروری۔2016ء) ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد ساجد کیانی نے کہا ہے کہ ایف ایٹ کچہری کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے بہتر اقدامات کررہے ہیں ، سی سی ٹی وی کیمروں اور واک تھرو گیٹس کا حال ملکی اداروں جیسا ہے جو کبھی ٹھیک اور کبھی خراب ہوتے رہتے ہیں اس لئے ان پر انحصار نہیں کرسکتے ۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی آپریشن ساجد کیانی نے اسلام آباد کی ضلعی کچہری میں وکلاء اور ججز کو سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی خدشات پورے ملک میں یکساں ہیں اسلام آباد دارالحکومت ہونے کی وجہ سے دہشتگردوں کے نشانے پر ہے لیکن ہر جگہ پولیس تعینات نہیں کی جاسکتی تاہم پھر بھی ہم نے کچہری کے اطراف کی چاروں سڑکوں پر ناکے لگارکھے ہیں اور ہر آنے جانے کو ان ناکوں پر چیک کیا جاتا ہے اور رینجرز کی گاڑی چوبیس گھنٹے کچہری کے اطراف گشت کرتی رہتی ہے اس کے علاوہ کچہری کے اندر پولیس کے 147اہلکار تعینات ہیں وکلاء کو بھی چاہیے کہ وہ سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں سے تعاون کریں تاکہ وہ خوش اسلوبی سے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے کسی پولیس اہلکار سے کوئی کوتاہی ہوتی ہے تو وہ بطور کمانڈر اس کی پوری ذمہ داری لینگے ۔ اس موقع پر ایک وکیل نے سوال کیا کہ سانحہ تین مارچ دو ہزار چودہ ایف ایٹ کچہری پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تو اس وقت پولیس اہلکار نے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے اور بھاگ گئے اور آج جب ہم نے پھر وہی منظر دیکھا تو پولیس اپنی پرانی روش پر برقرار رہی اور انہوں نے خوف وہراس پر قابو پانے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا بلکہ خود خوفزدہ نظر آئے اس پر ساجد کیانی نے کہا کہ وہ کچہری میں تعینات پولیس اہلکاروں کی تربیت کا اہتمام کرینگے انہیں فائرنگ کی مشق کرائی جائے گی اور ہنگامی صورتحال میں انہیں کیا کرنا ہے اس بارے میں انہیں خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی ۔

اس موقع پر تمام سول ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز موجود تھے اور وکلاء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں