ملک میں کتب بینی کا کلچر پروان چڑھ رہا ہے، کتب بینوں کیلئے پرسکون اورعلمی ماحول فراہم کیا گیا ہے

نیشنل بک فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید کی اے پی پی سے گفتگو

بدھ 10 فروری 2016 12:49

اسلام آباد ۔ 10 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 فروری۔2016ء) نیشنل بک فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے کہا ہے کہ ملک میں کتب بینی کا کلچر پروان چڑھ رہا ہے اور بڑی تعداد میں کتب کی اشاعت اس بات کا بین ثبوت ہے ۔ بدھ کویہاں ”اے پی پی“ سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے کہا کہ مجموعی طور پر ملک میں کتب بینی میں کمی نہیں بلکہ مسلسل اضافہ ہورہا ہے، گذشتہ چند برسوں سے پھیلایا جانے والا یہ تاثر بے بنیادہے کہ ملک میں کتاب کا کلچر تنزلی کا شکار ہے، این بی ایف کے تحت اسلام آباد، کوئٹہ اورکراچی میں قومی کتب میلوں میں کروڑوں روپے کی کتب فروخت ہونا ایک بہت حوصلہ افزاء پہلو ہے انہوں نے کہا کہ کتب بینوں کیلئے پرسکون اورعلمی ماحول فراہم کیا گیا ہے تاکہ لوگ کلب بک شاپ، نیشنل بک میوزیم ، موبائل بک کلب اور دیگر کارنرز سے اپنی پسند کی کتابیں تلاش کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ این بی ایف کی معیاری اور نہایت ارزاں قیمت کتابوں کی طرف طلبہ اور نئی نسل تیزی سے راغب ہورہی ہے۔ این بی ایف سے پبلشر کی طرف سے رائٹر کے استحصال کا راستہ روکا ہے اور لکھاری کے احترام میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این بی ایف”امن انقلاب بذریعہ کتاب“ کی منزل کی سمت رواں ہے۔دریں اثناء نیشنل بک فاؤنڈیشن نے کتاب کلچر اور عادات مطالعہ کے فروغ کیلئے ”این بی ایف والنٹیئر“ سکیم شروع کی ہے جس کا مقصد طلباء و طالبات کو کتاب کی طرف راغب کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق سکیم کے تحت ملک بھر سے رضاکار بنائے جارہے ہیں۔ والنٹیئرز کو باقاعدہ کارڈز جاری کئے جائیں گے اور انہیں این بی ایف کے تحت شائع ہونے والی نئی کتابوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا جبکہ انہیں مختلف تقریبات میں بھی مدعو کیا جائے گا۔ والنٹیئرز این بی ایف کے ماہنامہ کتاب50فیصد رعایت پر حاصل کریں گے اور کتاب کلچر کے فروغ کیلئے ان کی تجاویز اور ہدایات بھی حاصل کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں