انصاف کا نظام رائج کرنیوالوں کے چہروں سے نقاب ہٹ چکا ہے، خیبرپختونخوا میں 90 دن میں کرپشن تو ختم نہ ہوئی مگر ادارہ ختم ہو گیا، کرپشن کے الزام میں گرفتار وزیر کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، صوبے میں سہولتیں دینے والوں کو احتساب کمیشن ہاتھ نہیں لگا سکتا،عمران خان اڑھائی سال گزرنے کے باوجود اپنی جماعت میں بہتری نہ لا سکے،ہماری اڑھائی سال کی کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشیدکی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 10 فروری 2016 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ انصاف کا نظام رائج کرنے والوں کے چہروں سے نقاب ہٹ چکا ہے، خیبرپختونخوا میں 90 دن میں کرپشن تو ختم نہ ہوئی مگر ادارہ ختم ہو گیا، کرپشن کے الزام میں گرفتار وزیر کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے،خیبرپختونخوا میں سہولتیں دینے والوں کو احتساب کمیشن ہاتھ نہیں لگا سکتا،عمران خان اڑھائی سال گزرنے کے باوجود اپنی جماعت میں بہتری نہ لا سکے،ہماری اڑھائی سال کی کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے۔

وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ انصاف کا نظام رائج کرنے والوں کے چہروں سے نقاب ہٹ چکا ہے،عمران خان کے قائم کردہ احتساب کمیشن کے سربراہ نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ احتساب کمیشن کے چیئرمین نے کہا کہ آپ احتساب کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں اور جسٹس وجیہ الدین نے بھی پارٹی انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کا ساتھ دینے پر استعفیٰ دے دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں کرپشن کے الزام میں گرفتار وزیر کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، عمران خان کے بدعنوانی کے خلاف دعوے دھرے کے دھرے ہی رہ گئے، گرفتار وزیر نے سب کے کرتوت سامنے لانے کی دھمکی دی اس لئے عمران خان بدعنوانی میں ملوث گرفتار وزیر کو تحفظ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 90 دن میں کرپشن تو ختم نہ ہوئی مگر ادارہ ختم ہو گیا،شہباز شریف کے ہسپتالوں کیلئے بنائے گئے قوانین کو عمران خان نے اپنا لیا ہے، اب انہیں پوری طرح شہباز شریف کی شاگردی اختیار کرلینی چاہیے، ملک جب بھی ترقی کے سفر پر گامزن ہوتا ہے عمران رکاوٹیں کھڑی کر دیتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ورلڈ بینک کے صدر نے بھی پاکستان کی معاشی ترقی کو سراہا ہے، خیبرپختونخوا میں سہولتیں دینے والوں کو احتساب کمیشن ہاتھ نہیں لگا سکتا، وفاق کے قائم کردہ احتساب کے ادارے میں مزید اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی جماعت میں منصفانہ انتخابات میں رکاوٹ بن رہے ہیں، اڑھائی سال گزرنے کے باوجود وہ اپنی جماعت میں بہتری نہ لا سکے، جبکہ ہماری اڑھائی سال کی کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ حالات نے عمران خان کا اصل چہرہ قوم کو دکھا دیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں