سات ماہ کے دوران نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 89 فیصد اضافہ

جمعرات 11 فروری 2016 12:16

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 فروری۔2016ء) رواں مالی سال 2015-16ء کے پہلے سات ماہ میں جولائی تا جنوری کے دوران نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 89 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی 2015ء تا جنور ی 2016ء کے دوران بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کو 310.56 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران نجی شعبہ کو جاری کردہ قرضوں کا حجم 164.29ارب روپے تھا۔

اقتصادی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ نجی شعبہ کو فراہم کردہ قرضوں کی شرح میں اضافہ کا بنیادی سبب شرح سود کی کمی ہے جس کے تحت سال 2015ء کے دوران شرح سود 11.05فیصد سے کم ہو کر 9.63 فیصد تک گر گئی۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) سے بینکوں اور مالیاتی اداروں سے نجی شعبہ کو جاری کردہ قرضوں کی شرح سود میں مزید اضافہ ہوگا کیونکہ منصوبہ کے تحت ملک بھر کے مختلف علاقوں میں کئی مخصوص صنعتی و اقتصادی زونز کی تعمیر کی جائیگی۔

(جاری ہے)

جس سے ملک میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کوبڑھاوا ملے گا۔ ماہرین نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں تیل کی کم ہوتی ہوئی قیمتیں ، توانائی کی فراہمی کیلئے کی جانے والی منصوبہ بندی ، سی پیک کے حوالے سے کی جانے والی سرمایہ کاری ، بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر اور نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں ہونے والا اضافہ ملکی معیشت کی شرح نمو پر انتہائی اچھے اثرات مرتب کرے گا جس سے معاشی ترقی کے مطلوبہ اہداف کے حصول میں معاونت ملے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں