مسئلہ کشمیر کا حل میری اولین ترجیح اور زندگی کا مشن ہے،صدر آزاد کشمیر

جمعرات 11 فروری 2016 16:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 فروری۔2016ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل میری اولین ترجیح اور زندگی کا مشن ہے ۔ گلگت بلتستان یا آزاد کشمیر کو پاکستان کا صوبہ بنانے کی باتیں کرنا مسئلہ کشمیر کی آئینی و قانونی حیثیت سے لا علمی اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے اصولی موقف سے رو گردانی اور پسپائی کے مترادف ہے ۔

اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انڈیا اینڈ پاکستان کی سیکشن 11 کے تحت صدر آزاد کشمیر کی حیثیت مسلمہ ہے ۔ جو بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کردار ادا کر سکتا ہے ۔ پاکستان کے سابق حکمران پرویز مشرف کے چار نکاتی فارمولے سے سخت اختلاف تھا ۔ ہم کسی ایسے فارمولے کو قبول نہیں کر سکتے جس میں کشمیریوں کی رائے شامل نہ ہو اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مفائر ہو۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں جموں و کشمیر انسانی حقوق کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سید نذیر گیلانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جنہوں نے صدر آزاد کشمیر سے کشمیر ہاؤس صدارتی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں آزاد کشمیر محترمہ فرزانہ یعقوب بھی موجود تھیں ۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر کے مختلف آئینی و قانونی پہلوں انسانی حقوق کی پامالیوں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ، عالمی اداروں میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان اپنے 70 سالہ اصولی موقف سے دستبردار ہوتے ہوئے اقوام متحدہ کی قرار دادوں سے لا تعلقی اختیار کرے ۔ گزشتہ دور حکومت میں جو غلطی ہوئی تھی اسے دفتر خارجہ کے حکام نے بھی تسلیم کر لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر خارجہ پالیسی کی بنیادی نکتہ ہے ۔ اس موقع پر سید نذیر گیلانی نے بتایا کہ کشمیر 31 سال تک یو این کے ایجنڈے پر نہیں اٹھایا گیا تھا۔

جس کے بعد 1996 میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے ایجنڈے سے غیر فعال سمجھ کر نکال دیا گیا ۔ لیکن اس سال اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملجہ لودھی نے مسئلہ کشمیر کو ایجنڈے کے لیے نوٹی فائی کیا جس کی وجہ سے ایک بار پھر اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر کو اپنے ایجنڈے میں شامل کر لیا ہے ۔ اس کے علاوہ وزیرا عظم پاکستان نے بھی جنرل اسمبلی کے دو اجلاسوں میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کے لیے زور دیا ہے جس کی وجہ سے حالات بہتر ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روح سے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ حکومت غیر قانونی ہے ۔ کیونکہ قرار دادوں کے مطابق سرینگر میں ایسی حکومت ہونی چاہیے جس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی بھی نمائندگی ہو ۔ ڈاکٹر سید نذیر گیلانی نے کہا کہ جنیوا میں وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں محترمہ فرزانہ یعقوب مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بہترین نمائندگی کرتی ہے ۔ ان کی تقاریر سنی ہیں اور بہت متاثر ہوا ہوں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی نمائندگی کو کشمیر ی ہی بہتر کر سکتا ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے سید نذیر گیلانی کی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں