پاکستان میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ زراعت، توانائی اور دیگر شعبوں میں مضبوط تعاون قائم کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے، تاجروں سے خطاب

جمعہ 12 فروری 2016 18:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء) پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کی ہائی کمیشنر محترمہ مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ زراعت، توانائی، قدرتی وسائل کی تلاش، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت و تعلیم اور ویلیو چین سمیت دیگر شعبوں میں مضبوط تعاون قائم کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے تا کہ پاکستان کی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں عالمی سطح پر آگے بڑھنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے کیونکہ اس کے پاس اس شعبے کے نوجوان اور با صلاحیت پروفیشنلز موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دے کردونوں کیلئے مثبت نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واٹر کنزرویشن کے شعبے میں بھی دونوں ممالک قریبی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں کیونکہ مستقبل میں دونوں کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور آپس میں تعاون بڑھا کر وہ اس مسئلے کو بہتر طورپرحل کر سکتے ہیں۔آسٹریلیا کی ہائی کمیشنر نے کہا کہ پاکستان 20کروڑ عوام کی ایک مضبوط مارکیٹ ہے اور اس کے پاس وافر مقدار میں قدرتی وسائل پائے جاتے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے پاس اعلیٰ ٹیکنالوجی اور مہارت پائی جاتی ہے۔

لہذا دونوں ممالک مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہدری منصوبے سے علاقائی روابط کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان کو ایل این جی بھی برآمد کر سکتا ہے جس سے پاکستان کو توانائی بحران کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کے پروفائل کو مزید بہتر کر کے پاکستان میں آسٹریلیا کے مزید سرمایہ کاروں کو ترغیب دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ زراعت، توانائی، صحت و تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا تا کہ اس کی معیشت مزید مستحکم ہو۔اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان عمدہ دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں جن سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2014-15کے دوران پاکستان اور آسٹریلیا کی باہمی تجارت صرف 485ملین ڈالر رہی جو دونوں کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے لہذا نہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک تواتر کے ساتھ تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے پر توجہ دیں جس سے مشترکہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان کو زراعت کی ایڈوانس ٹیکنالوجی، جدید بیج اور مہارت منتقل کرنے پر توجہ دے تا کہ پاکستان کی زرعی پیداوار اور مصنوعات کا معیار بہتر ہونے سے ملکی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات کو بہتر طور پر فروغ دیا جا سکے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و آسٹریلیا کے درمیان صنعت و تجارت، زراعت، ٹیکسٹائل، لائیوسٹاک، ڈیری، ٹریننگ و سکلز ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دینے کے امور پر مفید تجاویز پیش کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں