انڈر 19 ورلڈ کپ، افغانستان نے زمبابوے کو شکست دے کر پلیٹ فائنل جیت لیا

جمعہ 12 فروری 2016 19:53

انڈر 19 ورلڈ کپ، افغانستان نے زمبابوے کو شکست دے کر پلیٹ فائنل جیت لیا

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ، افغانستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پلیٹ فائنل جیت لیا۔ جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 11 ویں پوزیشن کے میچ میں 138 رنز سے شکست دی۔ گزشتہ روز کھیلے گئے میگا ایونٹ کے پلیٹ فائنل میں زمبابوے انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے۔

ولیم مشنگے 66 اور رائن مرے 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ضیاء الرحمان اور مسلم موسیٰ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں افغان انڈر 19 نے ہدف طارق سٹانکزئی کی شاندار سنچری کی بدولت 46.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ طارق نے 106 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ راشد خان 55 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔

(جاری ہے)

طارق کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

11 ویں پوزیشن کے میچ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 138 رنز سے ہرایا۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے۔ ڈین فوکسکرافٹ نے 117 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ روالڈو مونسیمی اور وینڈلی میکویٹو نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ نیوزی لینڈ انڈر 19 کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 150 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فن ایلن 40 ، ریچن روندرا 39 اور انکیت پاریکھ 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ویان ملڈر نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں