ہم اپنے قائدین کی فکر اور سوچ کو اپنا کر ہی ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں، اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کے تاریخ ساز منصوبے سردار نشتر جیسے قائدین کی فکر کا تسلسل ہیں، ہمیں اپنے قائدین کی فکر کے مطابق یقین محکم کے ساتھ جدوجہد کرنا ہوگی ، اسلامی ممالک متحد ہوکر اپنے وسائل کا استعمال کریں

صدر ممنون حسین کاتحریک پاکستان کے ممتاز رہنما سردار عبدالرب نشتر کی یاد میں منعقد ہ خصوصی تقریب سے خطاب

جمعہ 12 فروری 2016 20:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہم اپنے قائدین کی فکر اور سوچ کو اپنا کر ہی ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں اور قوموں کی برادری میں وہ مقام حاصل کر سکتے ہیں جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا ،وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے قائدین کی فکر کے مطابق یقین محکم کے ساتھ جدوجہد کریں اور اسلامی ممالک متحد ہوکر اپنے وسائل کا استعمال کریں تاکہ عالمی سطح پر اسلامی دنیا کا وزن محسوس کیا جائے، اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کے جن تاریخ ساز منصوبوں پر کام کررہے ہیں یہ ان ہی کی فکر کا تسلسل ہے۔

وہ جمعہ کو ایوان صدر میں تحریک پاکستان کے ممتاز راہنما سردار عبدالرب نشتر کی یاد میں منعقد خصوصی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے انتہائی اہم ملک ہے لیکن ہم اپنی اس اہمیت کا فائدہ نہیں اٹھا سکے اب گوادر پورٹ اور اقتصادی راہداری کے ذریعے ہم اس منزل کے حصول کی کوشش کررہے ہیں جس کا خواب ہمارے اکابرین نے دیکھا تھا۔

صدرمملکت نے کہا کہ سردار عبدالرب جیسے بے لوث قائدین نے قائد اعظم کی فکر کی روشنی میں یقین محکم کے ساتھ تحریک پاکستان میں حصہ لیا اور یہ تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوئی اب ہمیں اسی طرز عمل اور فکر کو اختیار کرنے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ سردار عبدالرب نشتر بے پناہ خوبیوں کے حامل تھییہی وجہ ہے کہ قائد اعظم کی گیارہ اگست کی تقریر کا موقع ہو ، قرارداد مقاصد کی منظوری کا مرحلہ ہو انہوں نے اپنی دانش اور حکمت عملی سے ممکنہ بحرانوں کو ہمیشہ ٹال دیا ، اس کے بعدقانون ساز اسمبلی کی تحلیل کا موقع پر سردار عبدالرب نشتر نے پوری دیانت اور اصولوں کو مد نظر رکھ کر جو اصولی موقف اپنایا اور گورنر جنرل کے اسمبلی توڑنے کے اقدام کی مخالفت کی جس پر ہم آج بھی فخر کر سکتے ہیں، صدرمملکت نے کہا کہ قائد اعظم کو بھی ان کی صلاحیتوں پر اعتماد تھایہی وجہ ہے کہ اہم مواقع پر قائداعظم نے ان کو سیاسی اور سفارتی ذمہ داریاں سونپیں اور سردار صاحب نے بھی کبھی اپنے قائد کو مایوس نہیں کیا۔

صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ سردار عبدالرب نشترکی گورنر پنجاب اور مرکزی وزیر کی حیثیت سے بھی خدمات ناقابل فراموش ہیں ان ذمہ داریوں کے دوران بھی انہوں نے اپنی نظریاتی سوچ کو مقدم رکھا یہی وجہ ہے کہ وزیر یلوے کے طور پر انہوں نے تما م ریلوے اسٹیشن کے سائن بورڈ اردو میں تحریر کرنے کا حکم دیا جو ہم اب بھی نافذا لعمل دیکھتے ہیں ، صدرمملکت نے کہا کہ سردار عبدالرب نشترملک میں صنعتی ترقی کو بہت اہمیت دیتے تھے اور قومی ترقی کے لئے ضروری سمجھتے تھے بطور وزیر صنعت انہوں نے اس کے لئے گرا ں قدر کام کیا میں سمجھتا ہوں کہ آج ہم اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کے جن تاریخ ساز منصوبوں پر کام کررہے ہیں یہ ان ہی کی فکر کا تسلسل ہے۔

ا نہوں نے کہا کہ پچاس اور ساٹھ کی دہائی میں جب ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا ہوا اس وقت امید کی واحد کرن سردار عبدالرب نشتر تھے جن پرقائد اعظم کی طرح مادر ملت کو بھی اتنا اعتماد تھا کہ انہوں نے پارٹی کی قیادت کے لئے ان کا انتخاب کیا اور انہوں نے نامساعد حالات کے باوجود اس انتخاب کی لاج رکھی۔ صدرمملکت نے کہا کہ سردار نشتر انتہائی بالغ نظر سیاست دان تھے یہی وجہ ہے کہ پاکستان اور مسلم دنیا آج جن مسائل سے دوچار ہے ،اس کا احساس انہیں قیام پاکستان کے فوری بعدہوگیا تھا اور انہوں نے اسلامی ممالک کی دولت مشترکہ کے قیام کی تجویز دی تھی تاکہ اسلامی دنیا کے وسائل کا بہتر استعمال کیا جاسکے۔

صدرمملکت نے کہا کہ سردار نشتر نے کسی موقع پر اپنی سیاسی حیثیت کا فائدہ نہیں اٹھایا اور گورنر پنجاب کے طور پر بھی سادہ اور پروقار زندگی گزاری، انہوں نے سرکاری وسائل کا اپنے یا اپنے بچوں کے لئے کبھی استعمال نہیں کیا وہ قومی وسائل کے درست اور بامعنی استعمال پربہت زور دیتے تھے۔صدرمملکت نے کہا کہ منصب صدارت سنبھالنے کے بعد میں نے فیصلہ کیا تھا کہ نظریہ پاکستان کی آبیاری اور قومی شناخت کو مستحکم کرنے کے لئے ایوان صدر میں تقریبات کی جائیں گی آج کی تقریب اسی سلسلے کی کڑی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گاانہوں نے کہا کہ سردار عبدالرب نشتر جیسے اپنے اکابرین کے سنہری اصول اور رویے اپنا کر ہی پاکستان کو اس کے موجودہ مسائل سے نجات دلائی جاسکتی ہے اور ہم قوموں کی برادری میں اعلی مقام حاصل کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اگرہم اپنے قائدین کی فکر کے مطابق یقین محکم کے ساتھ اپنے مقاصد کے حصول کے جدوجہد کریں تو آسانی کے ساتھ منزل مقصود تک پہنچ سکتے ہیں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان کا تعلیمی نصاب دور جدید اور پاکستان کے نظریاتی تقاضوں کے مطابق تشکیل دینے کی ضرورت ہے جس پر کام جاری ہے اور بہت جلد نیا متفقہ نصاب رائج کردیا جائے گا۔ویلنٹائن ڈے کا ہماری تہذیب سے کوئی تعلق نہیں ہے اس سے اجتناب کرنے کی ضرورت ہے انھوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ اپنی دلچسپی کے شعبے میں اعلی سے اعلی تعلیم حاصل کریں اگر بیرون ملک جانا پڑے تو ضرور جائیں لیکن بیرون ملک بھی اپنا دینی اور قومی تشخص برقرار رکھیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں