کاروباری برادری وزیر اعظم نواز شریف کے اقتصادی وژن کی غیر مشروط حمایت کرتی ہے، چودھری محمد افضل

اتوار 14 فروری 2016 14:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 فروری۔2016ء) پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن(پوئیپا( کے چئیرمین چودھری محمد افضل نے کہا ہے کہ کاروباری برادری اقتصادی اور توانائی کے ضمن میں وزیر اعظم نواز شریف کے وژن کی غیر مشروط حمایت کرتی ہے،ملکی معیشت تیزی سے ترقی کے سفر پرگامزن ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے جبکہ قطر سے ایل این جی کا تاریخی معاہدہ ترقی کی رفتار کو بڑھا دیگا۔

اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ اس طویل المدتی معاہدے سے صنعتوں کے علاوہ زراعت، کاروبار اور گھریلو صارفین کو ریلیف ملے گا جبکہ اسکی قیمت ملکی و غیر ملکی گیس سے کم ہو گی جو موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے۔ایل این جی کی آمد سے حکومت لوڈشیڈنگ اورگیس کے نرخ کم کر کے صارفین کو ریلیف دینے کی پوزیشن میں آ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

چودھری محمد افضل نے پوئیپا کے رہنماؤں راشد شیخ، اسحاق جنجوعہ، عقیل اعوان، راجہ سلطان اور دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایل این جی کے جہازوں کی آمد باقاعدہ کرنے اور مزید ٹرمینل بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ پٹرول کا دور ختم اور گیس کے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔

ایل این جی کے معاہدے کے بعد ایران اور ترکمانستان سے گیس کی درآمد، تھر کول سے فائدہ اٹھانے، مقامی تیل وگیس کے ذخائر تلاش کرنے اور بڑے ڈیم بنانے کی رفتار بڑھائی جائے۔ انھوں نے کہا کہ قطر کو ایک لاکھ افرادی قوت کی برامد کا معاہدہ بھی تاریخ ساز ہے۔ دیگر ممالک سے بھی ایسے معاہدے کئے جائیں تاکہ بے روزگاری اور غربت کم ہو اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھا جا سکے۔

قطر پاکستان کو ترسیلات بھجوانے والے پانچ اہم ممالک میں شامل ہے جہاں ایک لاکھ پندرہ ہزار پاکستانی اس ملک کی تعمیر و ترقی میں ایم کردار ادا کر رہے ہیں۔ معاہدے کے بعد وہاں پاکستانیوں کی تعداد دگنی ہو جائے گی جس سے ترسیلات کی مقدار بھی کم از کم دگنی ہو جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ترسیلات میں اضافہ اور تارکین وطن کو سہولت دینے کی خاطر فارن ایکسچینج سروسز بہتر بنائی جائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں