وفاقی دارالحکومت کو سرسبز بنانے کیلئے ایک کروڑ درخت لگانے کا فیصلہ

سی ڈی اے اور پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط، شجرکاری مہم 7 مارچ سے شروع ہو گی مارگلہ کی پہاڑیوں پر مزید درخت لگائے جائیں گے اور کسی قسم کی تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی، ڈاکٹر طارق فضل

پیر 15 فروری 2016 18:02

وفاقی دارالحکومت کو سرسبز بنانے کیلئے ایک کروڑ درخت لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15فروری۔2016ء) وفاقی دارالحکومت کو سرسبز بنانے کیلئے سی ڈی اے اور پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے ایک کروڑ درخت لگانے کی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے ہیں، سی ڈی اے کی شجرکاری مہم 7 مارچ سے شروع ہو گی۔ پیر کو مفاہمتی یادداشت پر دستخط سی ڈی اے کے ممبر ماحولیات ثناء اللہ امان اور پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے اسد شاہ نے کئے۔

وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پوری دنیا میں موسمیاتی تبدیلیاں آ رہی ہیں، موسم کی خصوصیات کو برقرار رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 1960ء میں اسلام آباد کی منصوبہ بندی ایک سرسبز شہر کی حیثیت سے کی گئی جو ابھی تک برقرار ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان دنیا کے خوش قسمت ممالک میں شامل ہے جہاں چاروں موسم موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے وفاقی دارالحکومت کو خوبصورت اور سرسبز بنانے کیلئے خصوصی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارگلہ کی پہاڑیوں پر مزید درخت لگائے جائیں گے اور مارگلہ کی پہاڑیوں میں کسی قسم کی تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو خوبصورت بنانے کیلئے دیگر شہروں اور دنیا کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔

سی ڈی اے کی ٹیم نے اس سلسلہ میں لاہور کا دورہ کیا جو کہ خوش آئند ہے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو خوبصورت اور سرسبز بنانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں طریقہ کار کو آسان بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں، راؤنڈ اباؤٹ، گرین بیلٹس کو مختلف کمپنیوں کو دیا جائے گا تاکہ وہ اسے خوبصورت بنائیں۔

اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر ماحولیات ثناء اللہ امان نے کہا کہ سی ڈی اے 7 مارچ سے شجرکاری مہم کا آغاز کرے گا جس میں مارگلہ ہلز اور سڑکوں کے ارد گرد درخت لگائے جائیں گے۔ اس میں زندگی کے تمام شعبوں، غیر سرکاری تنظیموں اور طلباء کو بھی شامل کیا جائے گا۔ پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے اسد شاہ نے کہا کہ ان کی کمپنی ملک کو سرسبز بنانے کیلئے حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں