اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر کام تیزی سے جاری ہے،گوادر سہراب سیکشن دسمبر2016ء میں مکمل ہوجائے گا، احسن اقبال

ڈی آئی خان کا سنگ بنیاد آئندہ سال مارچ میں ہوجائیگا،یہ روٹ جولائی2018ء میں مکمل ہوگا وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور کے پی کے اسمبلی کے پارلیمانی لیڈرز سے ملاقات میں گفتگو

پیر 15 فروری 2016 22:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر کام تیزی سے جاری ہے،گوادر سہراب سیکشن دسمبر2016ء میں مکمل ہوجائے گا،ڈی آئی خان کا سنگ بنیاد آئندہ سال مارچ میں ہوجائے گا اور یہ روٹ جولائی2018ء میں مکمل ہوگا،مغربی روٹ پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ ہے اور پاکستان میں چینی سفارتخانے نے بھی اس بات کی وضاحت کردی ہے،وفاقی حکومت تمام منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کیلئے فنڈ مہیا کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور کے پی کے اسمبلی کے پارلیمانی لیڈرز سے وزارت ترقی ومنصوبہ بندی میں ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اور کے پی کے حکومت کے نمائندوں کے مابین ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے مفروضوں کی وضاحت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت مغربی روٹ کیلئے زمین کے حصول کو اولین بنیادوں پر حل کرے۔انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت سی پیک کے حوالے سے کسی بھی صوبائی حکومت سے فرق نہیں کرے گی،اس منصوبے سے تمام ملک بشمول کم ترقی یافتہ علاقوں کو بہت فائدہ ہوگا۔احسن اقبال نے کہا کہ مغربی روٹ پر وسیع دستاویزات تیار کی گئی ہیں جو کہ اس کے مواصلات پلان کے حوالے سے رہنمائی کرتی ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ سی پیک کے دستاویزات اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ کوئی بھی نیا سی پیک کا فریم ورک نئے سی پیک روٹ پر تعمیر نہیں کیا جائے گا،لیکن یہ موجودہ روٹس کے مسنگ لنکس کو آپس میں ملائے گا۔وفاقی وزیر نے صوبائی وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت کے پی کے حکومت کے ساتھ بات چیت کرکے سپیشل اکنامک زون کا پرپوزل تیار کرے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ورکنگ گروپ میں تمام صوبوں کو یکساں نمائندگی دی جائے گی،وفاقی حکومت کے پی کے کیلئے سوورن گارنٹی دینے کو تیار ہے۔

منسٹر نے کہا کہ سی پیک فریم ورک گوادر میں انفراسٹرکچر اور توانائی پر فوکس کرے گا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ رواں مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں کے پی کے کیلئے 11ارب ڈالر کے داسو ڈیم کے افتتاح کا منصوبہ بھی شامل ہے۔وفاقی حکومت نے کے پی کے میں ایجوکیشن کے حوالے سے بڑے پیمانے پر منصوبوں کی منظوری دی ہے۔چشمہ رائیٹ بنک کینال کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا جس سے گردونواح کے علاقوں میں زراعت میں مدد مل سکے گی۔ملاقات میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے وفاقی حکومت کی جانب سے کروائی گئی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور تین دن کے اندر سپیشل انڈسٹریل زون کی جگہوں کے تعین کے حوالے سے وفاقی حکومت کو بتانے کا وعدہ بھی کیا

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں