دارالحکومت میں تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی

منگل 16 فروری 2016 14:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 فروری۔2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نومنتخب میئر شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ دارالحکومت میں تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھا جائے گا۔ اسلام آباد کے مکین بہت جلد شہر میں تبدیلی محسوس کریں گے، دارالحکومت میں پینے کے صاف پانی، ٹریفک مسائل، شہر کی خوبصورتی اور دیگر اہم مسائل کا حل اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

منگل کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جتنے بھی مسائل ہیں، انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد میں پانی کی فراہمی سے متعلق وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے فائر بریگیڈ کو جدید خطوط پر استوار کریں گے اور اسلام آباد کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہاں کے مکینوں کے لئے پینے کے صاف پانی کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔ نومنتخب میئر نے کہا کہ اسلام آباد میں جہاں پر بھی تجاوزات ہیں، مارکیٹ کمیٹیوں کو ساتھ لے کر اس کا خاتمہ کریں گے اور تجاوزات سے اسلام آباد کو پاک و صاف رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں