پٹرول اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے کمی کی جائے‘ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر 38 روپے ٹیکس لے رہی ہے ‘ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمرکا قومی اسمبلی میں اظہارخیال

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 16 فروری 2016 17:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 16 فروری۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ پٹرول اور کیروسین کی قیمت میں 5 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے کمی کی جائے‘ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر 38 روپے ٹیکس لے رہی ہے‘ دنیا کے 72 ممالک میں پاکستان سے سستا ڈیزل عوام کو فراہم کیا جارہا ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن اسد عمر نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا موقف ہے کہ ٹیکسوں میں اضافہ اس لئے کیا گیا ہے کیونکہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں کم ہونے سے ریونیو میں کمی آئی ہے۔

پٹرول پر سیلز ٹیکس اور پٹرولیم لیوی وصول کی جارہی ہے۔ ٹیکس نیٹ بڑھانے کا ہم سب مطالبہ کرتے ہیں۔ غریب اور امیر دونوں کے لئے الگ الگ معیار مقرر ہیں۔

(جاری ہے)

ہمیں دوہرے معیار ختم کرنے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے 72 ممالک میں پاکستان کے مقابلے میں سستا ڈیزل فروخت کیا جارہا ہے۔ ڈیزل سے غریب کی بس اور کاشتکار کا ٹیوب ویل چلتا ہے۔ انہوں نے نیپرا کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کا شارٹ فال اڑھائی سال پہلے 4200 میگاواٹ تھا جو بڑھ کر اب 4700 میگاواٹ ہوگیا ہے۔

گردشی قرضوں کا حجم ایک مرتبہ پھر 330 ارب تک پہنچ گیا ہے۔ گیس پر 100 ارب کا سیس لاگو ہے۔ ای سی سی نے گیس انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ کے لئے ایک نیا ٹیکس لگا دیا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پٹرولیم پر 5 روپے اور ڈیزل پر 20 روپے فی لٹر کمی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر کوئی ٹیکس نہیں لگایا جاسکتا۔ پی آئی اے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے حوالے سے خصوصی کمیٹی کے سامنے ہم نے سوالات اٹھائے اور تجاویز دیں جو کمیٹی میں ووٹنگ کے ذریعے مسترد کردی گئیں۔

پی آئی اے کا بل لانے کے لئے دو بجے آرڈر آف دی ڈے تبدیل کیا گیا۔ ہمیں غور کرنے کا موقع بھی نہیں دیا گیا۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ قومی اداروں کو احسن انداز میں چلانے کے لئے اقدامات اٹھائے۔ پی آئی اے کے حوالے سے بل لانے کا مقصد صرف اور صرف اس کی نجکاری ہے۔ پی آئی اے کے ملازمین اس ادارے کا مسئلہ نہیں ہیں۔ انتظامیہ کو بہتر بنا کر ادارے کی کارکردگی ٹھیک کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی ایئر لائنوں کو لینڈنگ کے حقوق دے کر پی آئی اے کے مفادات کو نقصان پہنچایا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں