سرمائے داروں کی حکومت کسانوں اور کاشتکاروں کو معاشی طور پر تباہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، راجہ پرویز اشرف

منگل 16 فروری 2016 20:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری جنرل سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سرمائے داروں کی حکومت کسانوں اور کاشتکاروں کو معاشی طور پر تباہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت ملک کی زراعت کو جان بوجھ کر تباہ کر رہی ہے۔ اپنی رہائشگاہ پر کسانوں کے ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے کسان سپورٹ پروگرام کے ذریعے فوڈ سکیورٹی کو متعارف کرایا تھا۔

یہی وجہ تھی کہ ملک گندم اور خوراک کے شعبے میں خودکفیل ہوگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کے دوران دو مرتبہ خوفناک سیلاب آئے لیکن عوامی حکومت نے نہ صرف سیلاب کے متاثرین کی مالی اعانت کی بلکہ ملک میں خوراک کی کمی ہونے نہیں دی۔

(جاری ہے)

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ زرعی اجناس اور کھاد کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں مگر کسانوں کو ان کی محنت کا پھل نہیں ملتا۔

آج کسان شدید معاشی بحران کا شکار ہیں اگر حکومت نے اس اہم مسئلے پر توجہ نہ دی تو ملک خطرناک خوراک کے بحران کا شکار ہو جائے گا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مسلم لیگ نواز جب بھی حکومت میں آتی ہے کسان اور محنت کش مشکل حالات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑی ناانصافی کی بات ہے کہ زراعت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے طبقے کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ زراعت کے شعبے پر خاص توجہ دے اور کسانوں کی حوصلہ افزائی کرے تاکہ ملک خوراک میں کمی جیسے بحران کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر کسانوں اور کاشتکاروں کے ساتھ انصاف کرے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں