وزیر اعظم آزاد کشمیر چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں، توہین آمیز زبان سے اجتناب کریں:برجیس طاہر

بدھ 17 فروری 2016 11:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر حکومت پرانی ووٹر لسٹوں پر انتخاب منعقد کرانا چاہتی ہے، وفاقی حکومت نے پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت کے مقابلے میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کو زیادہ فنڈز فراہم کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آزاد جموں وکشمیر کو ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں 139 ارب روپے جاری کئے۔ برجیس طاہر کا کہنا تھا کہ نکیال ایک حساس ترین علاقہ ہے جہاں ماضی میں کئی بار غیرمعمولی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید سے کہا ہے کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایک جوڈیشل کمیشن قائم کریں کیونکہ آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان کا قیام انکی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام لگایا کہ آزاد جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے بہت سے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا اور خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعات کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے انکے کارکنوں کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال کیا ہے جو کئی اخبارات میں شائع ہوئے ہیں۔

انہوں نے چوہدری عبدالمجید سے کہا کہ وہ وفاقی وزراء کے خلاف توہین آمیز زبان کا استعمال کرنے سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے دھمکی دی ہے کہ اگر علاقے کے حوالے سے مرکز کی پالیسیاں تبدیل نہ ہوئیں تو خونریزی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اِنہیں امور کشمیر کا وفاقی وزیر نامزد کیا تھا اور یہ میرا فرض ہے کہ میں علاقے کے حقیقی مسائل حل کروں۔ چوہدری برجیس طاہر نے الزام عائد کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے اور وہ اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہ کر سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں