ایف آئی اے کرپٹ اور بدعنوان عناصر کیخلاف کوئی رعایت نہیں برتے گی،گزشتہ ڈھائی سال میں ایف آئی اے کے کردار اور کارکردگی پر اعلیٰ عدالتی کمیشن بنوانے کیلئے تیار ہوں، پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ اپنے دور اقتدار میں ایف آئی اے کو کسی ذاتی ،سیاسی یا غیر قانونی کام کیلئے استعمال کیا ،گزشتہ 2 سالوں میں ایف آئی اے نے صرف اینٹی کرپشن کی مد میں قومی خزانے کو14.6 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا سابق صدر آصف علی زرداری کے بیان پر ردعمل

بدھ 17 فروری 2016 16:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ایف آئی اے کرپٹ اور بدعنوان عناصر کیخلاف کوئی رعایت نہیں برتے گی،گزشتہ ڈھائی سال میں ایف آئی اے کے کردار اور کارکردگی پر اعلیٰ عدالتی کمیشن بنوانے کیلئے تیار ہوں، پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ اپنے دور اقتدار میں ایف آئی اے کو کسی ذاتی ،سیاسی یا غیر قانونی کام کیلئے استعمال کیا ،گزشتہ دو سالوں میں ایف آئی اے نے صرف اینٹی کرپشن کی مد میں قومی خزانے کو14.6 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا۔

(جاری ہے)

بدھ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے سابق صدر اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر زرداری صاحب چاہیں تو میں گزشتہ ڈھائی سال میں ایف آئی اے کے کردار اور کارکردگی پر اعلی عدالتی کمیشن بنوانے کے لیے تیار ہوں، وزیر داخلہ نے کہا کہ ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ اپنے دور اقتدار میں نہ تو میں نے ایف آئی اے کو کسی ذاتی ،سیاسی یا غیر قانونی کام کے لیے استعمال کیا ہے اور نہ ہی کسی بھی طرف سے کوئی بیرونی دباؤ یا مداخلت کو خاطر میں لانے کی اجازت دی ہے،انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے سمیت اپنے ماتحت تمام اداروں کو صرف اور صرف اللہ تعالی کا خوف، انصاف اور قانون کی پاسداری کی تلقین کی ہے اور اپنی میٹنگزمیں بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ حکومت کے نہیں ریاست کے ملاز م ہیں،انہوں نے کہا کہ پچھلے ادوار میں ایف آئی اے کس طرح استعمال ہو تی رہی میں اس کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا مگر میں نے صدق دل سے ایف آئی اے کو مکمل طور پر ایک غیر سیاسی مگر پیشہ ور قومی تحقیقاتی ادارہ بنانے کی کوشش کی ہے ،یہی وجہ ہے کہ گزشتہ دو سالوں میں ایف آئی اے نے صرف اینٹی کرپشن کی مد میں قومی خزانے کو14.6 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا ہے جبکہ گزشتہ سالوں میں یہ رقم محض کروڑوں میں ہوتی تھی،چوہدری نثار نے کہا کہ اس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے اورایف آئی اے کے اندر سے بھی بہت سے صفائی کرنی ہے مگر ایک بات کی میں آصف زرداری سمیت سب کو یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ جب تک میں وزیر داخلہ ہوں ایف آئی اے کسی بے گناہ یا غیر متعلقہ شخص یا کسی سیاسی مخالف کے خلاف استعمال نہیں ہو گی- مگر ساتھ ساتھ میں اتنے ہی عزم کے ساتھ اس بات کا بھی اعادہ کرتا ہوں کہ ایف آئی اے پوری سرگرمی کے ساتھ کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتے گی اور اس حوالے سے ہم ایف آئی اے کے تمام کیسز کی عدالتی سکروٹنی اور چھان بین کرانے کو تیار ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں