آصف علی زر داری چاہیں تو ایف آئی اے کی ڈھائی سالہ کار کر دگی پر اعلیٰ عدالتی کمیشن بنوانے کیلئے تیارہوں ‘ وزیر داخلہ

بدھ 17 فروری 2016 16:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ آصف علی زر داری چاہیں تو ایف آئی اے کی ڈھائی سالہ کار کر دگی پر اعلیٰ عدالتی کمیشن بنوانے کیلئے تیارہوں ‘اپنے دور اقتدار میں ایف آئی اے کو ذاتی ‘ سیاسی یا غیر قانونی کام کیلئے استعمال نہیں کیا ‘ جب تک میں وزیر داخلہ ہوں ایف آئی اے کسی بے گناہ یا غیر متعلقہ شخص یا کسی سیاسی مخالف کے خلاف استعمال نہیں ہو گی ‘ایف آئی اے پوری سرگرمی کے ساتھ کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتے گی۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری کے اس بیان پر کہ ایف آئی اے بھی نیب کی طرح کاروائیاں کر رہی ہے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر زرداری صاحب چاہیں تو میں گزشتہ ڈھائی سال میں ایف آئی اے کے کردار اور کارکردگی پر اعلی عدالتی کمیشن بنوانے کیلئے تیار ہوں- میں پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ اپنے دور اقتدار میں نہ تو میں نے ایف آئی اے کو کسی ذاتی ،سیاسی یا غیر قانونی کام کے لیے استعمال کیا ہے اور نہ ہی کسی بھی طرف سے کوئی بیرونی دباؤ یا مداخلت کو خاطر میں لانے کی اجازت دی ہے-ایف آئی ایسمیت اپنے ماتحت تمام اداروں کو صرف اور صرف اللہ تعالی کا خوف، انصاف اور قانون کی پاسداری کی تلقین کی ہے اور اپنی میٹنگزمیں بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ حکومت کے نہیں ریاست کے ملاز م ہیں- پچھلے ادوار میں ایف آئی اے کس طرح استعمال ہو تی رہی میں اس کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا مگر میں نے صدق دل سے ایف آئی اے کو مکمل طور پر ایک غیر سیاسی مگر پیشہ ور قومی تحقیقاتی ادارہ بنانے کی کوشش کی ہے -یہی وجہ ہے کہ گزشتہ دو سالوں میں ایف آئی اے نے صرف اینٹی کرپشن کی مد میں قومی خزانے کو14.6 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا ہے جبکہ گزشتہ سالوں میں یہ رقم محض کروڑوں میں ہوتی تھی- اس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے اورایف آئی اے کے اندر سے بھی بہت سے صفائی کرنی ہے مگر ایک بات کی میں آصف زرداری سمیت سب کو یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ جب تک میں وزیر داخلہ ہوں ایف آئی اے کسی بے گناہ یا غیر متعلقہ شخص یا کسی سیاسی مخالف کے خلاف استعمال نہیں ہو گی- مگر ساتھ ساتھ میں اتنے ہی عزم کے ساتھ اس بات کا بھی اعادہ کرتا ہوں کہ ایف آئی اے پوری سرگرمی کے ساتھ کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتے گی اور اس حوالے سے ہم ایف آئی اے کے تمام کیسز کی عدالتی سکروٹنی اور چھان بین کرانے کو تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں