اتحاد کے معاہدے پر دستخط کیے نہ ہی اتحاد میں اپنے کردار کے بارے میں علم ہے‘ پاکستان ابھی تک دہشت گردی کے خلاف سعودی عرب کے زیر کمان بننے والے 34 مسلم ملکوں کے فوجی اتحادکا باقاعدہ حصہ نہیں بنا۔سرتاج عزیزکاقومی اسمبلی میں بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 17 فروری 2016 16:59

اتحاد کے معاہدے پر دستخط کیے نہ ہی اتحاد میں اپنے کردار کے بارے میں علم ہے‘ پاکستان ابھی تک دہشت گردی کے خلاف سعودی عرب کے زیر کمان بننے والے 34 مسلم ملکوں کے فوجی اتحادکا باقاعدہ حصہ نہیں بنا۔سرتاج عزیزکاقومی اسمبلی میں بیان

اسلام آباد(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17فروری۔2016ء) وزیر اعظم کے مشیربرائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان ابھی تک دہشت گردی کے خلاف سعودی عرب کے زیر کمان بننے والے 34 مسلم ملکوں کے فوجی اتحادکا باقاعدہ حصہ نہیں بنا۔بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے ا نھوں نے کہا کہ پاکستان نے ابھی تک اس اتحاد کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے اور نہ ہی اسے اس اتحاد میں اپنے کردار کے بارے میں علم ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ اس اتحاد سے متعلق معاہدہ طے پانے کے بعد ہی اس بات کا تعین ہو سکے گا کہ اس میں پاکستان کا کیا کردار ہے۔ا نھوں نے کہا کہ اس اسلامی اتحاد سے متعلق ہونے والی پیش رفت کے بارے میں پارلیمان کو اعتماد میں لیا جائے گاا ن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس بارے میں اعلیٰ قیادت کی سطح پر مشاورت جاری ہے جبکہ اس اتحاد کے بارے میں سعودی عرب سے مزید تفصیلات کا بھی انتظار ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے پہلے دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس اسلامی اتحاد کے بارے میں کہا تھا کہ پاکستان اس اتحاد کا حصہ ہے۔سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ 34 اسلامی ملکوں کا یہ اتحاد دہشت گردی کے خلاف ہے اور اس کا فرقہ واریت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ا نھوں نے کہا کہ پاکستان ایسی تمام کاوشوں کی حمایت کرتا ہے جو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہوں۔خارجہ امور کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ اگلے ماہ اسلامی ممالک کے اس اتحاد کے اجلاس کے دوران ایران اور عراق کو شامل نہ کیے جانے کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 34 اسلامی ملکوں کے اس اتحاد میں ایران، شام اور عراق کو شامل نہ کیے جانے پر ان ملکوں کی قیادت نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ سمیت دیگر ملکوں کی کاوشوں کی حمایت کرتا ہے۔سعودی عرب میں 20اسلامی ملکوں کی جنگی مشقوں میں پاکستان کی شمولیت کے بارے میں ا±نھوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے نتیجے میں سعودی عرب میں موجود ہیں۔ا نھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی مسلح افواج کے 1200سے زائد اہلکار اس وقت سعودی عرب میں موجود ہیں جو سعودی افواج کی استعدادکار بڑھانے کے لیے ا ن کو تربیت دے رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں