انگور کی کاشت کیلئے پوٹھوار کے نیم پہاڑی اضلاع موزوں ترین ہیں،محکمہ زراعت پنجاب

بدھ 17 فروری 2016 20:50

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 فروری۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق انگور کی کاشت کیلئے پوٹھوار کے نیم پہاڑی اضلاع بشمول خوشاب، اٹک، چکوال، جہلم اور راولپنڈی موزوں ترین ہیں۔ پوٹھوار کے علاقہ میں انگور کی قسمیں جن میں پرلٹ، عناب شاہی، وائٹ سیڈ لیس، ریجینیاء، کنگزروبی، فلیم سیڈ لیس اور تھامسن سیڈ لیس یا سلطانینہ نہایت کامیاب ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ انگور کے پودوں کی نرسری سے باغ میں منتقلی فروری کے آخر تک مکمل کرلیں کیونکہ اس وقت وہ خوابیدگی کے عمل میں ہوتے ہیں اور آسانی سے جڑیں پکڑ لیتے ہیں جبکہ پودا لگانے کے فوراً بعد اس کی زیادہ بڑھی ہوئی شاخیں کاٹ کر فوراً پانی لگا دیں۔ لگائے جانے والے پودے صحت مند اور ایک سال کے ہونے چاہیے۔ تجارتی پیمانے پر انگور کی پیداوار حاصل کرنے کیلئے انگور کے پودوں کو مناسب خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔ سردیوں کے موسم میں گوبر کی گلی سڑی کھاد 6 تا 10 ٹن فی ایکڑ ( 15 تا 20 کلوگرام فی پودا) ڈالیں۔ گوبر کی کھاد مکمل گلی سڑی ہونی چاہیے ورنہ دیمک کے حملے کا خطرہ ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں