ن لیگ آصف علی زرداری کے خلاف بات کرتے ہوئے تمیز کے دائرے میں رہے،میر اعجاز خان جاکھرانی

مسلم لیگ(ن) میں آج بھی آمر جنرل ضیا کی روح موجود ہے،بیان

بدھ 17 فروری 2016 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور سابق فاقی وزیر صحت میر اعجاز خان جاکھرانی نے مسلم لیگ(ن) کو تنبیہ کی ہے کہ وہ آصف علی زرداری کے خلاف بات کرتے ہوئے تمیز کے دائرے میں رہے۔ اگر ہم نے بھی ایسی زبان استعمال کی تو ن لیگ والوں کو بہت تکلیف ہوگی۔ اپنے ایک بیان میں میر اعجاز خان جاکھرانی نے کہا کہ نواز لیگ کی حکومت جب مشکلات میں ہوتی ہے تو اس کا لب و لہجہ مختلف ہوتا ہے مگر جیسے ان کی مشکلات ختم ہوتی ہیں تو آپے سے باہر نکل آتی ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف کو چاہیے کہ وہ اپنی پارٹی والوں کو تمیز سکھائیں کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ ہم انہی کی زبان میں نواز شریف کے بارے میں کوئی بات کریں۔ ایسا لگتا ہے کہ مسلم لیگ(ن) میں آج بھی آمر جنرل ضیا کی روح موجود ہے۔ میر اعجاز خان جاکھرانی نے کہا کہ ملک میں احتساب کے دوہرے معیار ہیں۔ سندھ میں احتساب کا معیار الگ ہے جبکہ پنجاب اور کے پی کے میں احتساب کا الگ معیار ہے۔پنجاب میں جب حکمران لیگ کے بارے میں نیب کی تحقیقات کی افواہ بھی چلتی ہے تو احتساب کے معنی تبدیل ہو جاتے ہیں۔ اس طرح کے پی کے میں بھی احتساب کے الگ معیار قائم ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں