پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن میں بھرپور کردار ادا کرنے میں پر عزم ہے ، بحران زدہ علاقوں میں دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ مسائل کے سیاسی حل کی ضرورت ہے ،اقوام متحدہ کے مصالحتی اور بحرانوں کے روکنے کی صلاحیت میں اضافہ ناگزیر ہے

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا عالمی ادارے کے پیس کیپنگ آپریشنز بارے خصوصی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 18 فروری 2016 13:07

اقوام متحدہ ۔ 18 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 فروری۔2016ء) پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے بحران زدہ علاقوں میں دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ مسائل کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے عالمی ادارے کے پیس کیپنگ آپریشنز بارے خصوصی کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز والے علاقوں میں بحرانوں کے بعد کی صورت حال میں مسائل کے سیاسی حل کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ قیام امن کے آپریشن کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے مصالحتی اور بحرانوں کے روکنے کی صلاحیت میں اضافہ بھی ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مان کے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ ان عوامل کا سدباب کیا جائے جس کی وجہ سے بحران سامنے آتے ہیں، مسائل کی بنیادی وجوہات کا کھوج لگانا اور انکے سیاسی حل سے ہی شہریوں کی جان و مال موثر انداز میں بچایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کے مختلف خطے اور علاقے بحرانوں کی زد میں ہیں اور سیکیورٹی کے چیلنجز درپیش ہیں اس لیے عالمی ادارے کو اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاہم اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ پیس کیپنگ اور پیس انفورسمنٹ کو یکجا کیا جائے ، دونوں کے درمیان باریک فرق کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ امن مشن کے بنیادی اصولوں ، تمام فریقوں کی رضا مند ی ، غیرجانب داری اور طاقت کا عدم استعمال ماسوائے سیلف ڈیفنس کے قواعد و ضوابط پر بھرپور توجہ دینی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی منظوری اور اجازت سے جو امن آپریشنز ہوئے ہیں یا ہو رہے ہیں ، پاکستان ان میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔ پاکستان کانگو ، ڈارفر ، آئیوری کوسٹ ، وسطی افریقہ جمہوریہ اور لائبریا میں جاری امن آپریشن میں کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن آپریشن میں شامل فوجیوں کی حفاظت اور سلامتی کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھنا چاہئے ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں