قومی اسمبلی اجلاس ،ڈپٹی سپیکر کورم کی نشاندہی کرنے اور پھر ایوان میں موجود نہ رہنے پرشیریں مزاری پر برہم ،کلاس لے لی

پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپوزیشن کے ریکوزٹ اجلاس میں اپوزیشن رکن نے کورم پوائنٹ آؤٹ کیا، مرتضیٰ جاوید عباسی

جمعرات 18 فروری 2016 16:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلائے گئے اجلاس کے دوران کورم کی نشاندہی کرنے اور پھر ایوان میں موجود نہ رہنے پر ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے پی ٹی آئی کی چیف وہپ شیریں مزاری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کلاس لی اور کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپوزیشن کے ریکوزٹ اجلاس میں کسی اپوزیشن رکن نے کورم پوائنٹ آؤٹ کیا۔

جمعرات کو کورم کی نشاندہی پر مختصر وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ شیریں مزاری کہاں ہیں جس پر ایوان میں موجود اپوزیشن پارٹی ایم کیو ایم کے ارکان نے کہا کہ وہ تو ایوان سے چلی گئیں جس پر ڈپٹی سپیکر برہم ہوگئے اور کہا کہ یہ بات پارلیمانی روایات کے منافی ہے کورم پوائنٹ آؤٹ کرنے والا رکن خود ہی باہر چلا جائے اس کا ایوان میں موجود رہنا ضروری ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بھی پہلی بار ہوا ہے کہ اپوزیشن کی ریکوزیشن پر ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن رکن نے خود ہی کورم پوائنٹ آؤٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں اپوزیشن سمیت سب نے طے کیا تھا کہ کیونکہ اپوزیشن کا ایجنڈا زیر بحث آئے گا اس لئے کوئی حکومتی یا اپوزیشن رکن کورم کی نشاندہی نہیں کرے گا لیکن شیریں مزاری نے خود اس فیصلے کی خلاف ورزی کرکے نئی تاریخ بنائی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد شیریں مزاری اپوزیشن لابی سے باہر آئیں اور کہا کہ میں لابی میں تھی تاہم اس وقت ڈپٹی سپیکر اجلاس ملتوی کرکے اور ان کی کلاس لے کر جاچکے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں