انقرہ میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت، پاکستان کی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے درد میں برابر کے شریک ہیں،صدر مملکت ممنون حسین

جمعرات 18 فروری 2016 17:41

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 فروری۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے ترکی کے دارلحکومت انقرہ میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور 28 قیمتی جانوں کے ضیاع کو انتہائی قابل افسوس واقعہ قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے درد میں برابر کے شریک ہیں اور دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کو انتہائی قابل مذمت سمجھتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ترکی عالمی امن کے لئے جو کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ اس کی تعریف کی ہے اور اس کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی دنیا کے کسی بھی خطے میں ہو پاکستان اس کی مذمت کرتا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں اور سمجھتا ہے کہ عالمی سطح پر دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہمیں مشترکہ جدو جہد کرنا ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں