وزیر اعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس، ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

ترقیاتی منصوبوں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، چوہدری عبد المجید

جمعرات 18 فروری 2016 18:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 فروری۔2016ء) وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے ترقیاتی محکموں پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت، معیاری تکمیل اور ترقیاتی اہداف حاصل کرنے کے لیے جدید میکانیزم اختیار کریں تاکہ آزادکشمیر کے عوام کو جدید سہولتوں کی فراہمی بہتر انداز میں میسر ہو۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ترقیاتی منصوبہ جات کے مانیٹرنگ سسٹم کو موثر بنایا جائے کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کی معاشی خوشحالی اور ترقی ہماری سیاست کا محور ومرکز اور یہی ہمارا ایجنڈا ہے مشنری جذبے سے اس ایجنڈے کی تکمیل کررہے ہیں عوام کا استحصال کرنے والے اور عوام کو قبیلوں ،برادریوں اور علاقوں کی سیاست میں الجھانے والے منفی سیاست کے ذریعے عوامی ترقی وخوشحالی کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید یہاں آزادکشمیر میں ترقیاتی عمل کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے اجلاس میں سینئروزیر ولوکل گورنمنٹ چوہدری محمد یٰسین، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر تاشفین،سیکرٹری مالیات ملک محمد صادق ،پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، سیکرٹری برقیات فیاض علی عباسی،سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات منصور قادر ڈار،سیکرٹری ورکس الیاس عباسی،پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر کو ہیلتھ وایجوکیشن سیکٹر سمیت مختلف شعبوں میں ترقیاتی عمل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے ترقیاتی محکموں پر زور دیا کہ وہ خدمت خلق کو اپنا شعار بنائیں اور عوام کو جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے مشنری جذبے سے کام کریں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر میں پاکستان کی طرز پر نیشنل ایجوکیشن پالیسی نافذ کی گئی ہے اور بھمبر سے تاؤ بٹ تک آزادکشمیر میں یکساں تعلیمی نصاب رائج کیا گیا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں ایجوکیشن وہیلتھ سروسزاور انفراسٹرکچر کو فوکس کیا گیا ہے ۔ دریں ا ثنا مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اقتدار میں آتے ہی عوام سے کیے جانے والے وعدوں کی تکمیل کے لیے میگا پراجیکٹس دیئے جس سے آج آزادکشمیر بھر کے دور دراز پسماندہ علاقوں کے عوام بھی جدید سہولتوں سے مستفید ہورہے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں مزید میگا پراجیکٹس دے کر انتخابی منشور کی تکمیل کریں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کے انتخابات بروقت ،منصفانہ اور آزادانہ ہوں گے پیپلزپارٹی یہ انتخابات جیت کر دکھائے گی اور منفی سیاست کرنے والوں کی تمام خوش فہمیاں دم توڑ جائیں گی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے اور تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت ساری ریاست جموں وکشمیر کی ترجمان حکومت ہے ۔

بیس کیمپ کی حکومت نے تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا ہماری مفاہمت کی سیاست کو کمزوری سمجھنے والوں نے تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں بے جا مداخلت کرکے قومی معاملات کو نقصان پہنچایادریں اثنا وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی کریک ڈاؤ ن کی شدید مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام بند کرائیں اور طاقت کے ذریعے ریاستی عوام کے حقوق غصب کرنے سے باز رکھے۔

وزیراعظم نے کہاکہ بھارت کے قابض وغاصب حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیر کو ملٹری کیمپ میں تبدیل کررکھا ہے اور بھارتی فورسز انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور جنگی جرائم کی مرتکب ہورہی ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مہذب دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے اور مہذب دنیا مقبوضہ کشمیر سے بھارت کا غیر قانونی تسلط ختم کرانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں